فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) الائیڈ ہسپتال میں خود کو ہسپتال ملازم ظاہر کر کے سادہ لوح مریضوں کے ٹیسٹ کروانے کے عوض رقوم بٹورنے والا نوسرباز پکڑا گیا، سول لائن پولیس نے جعلی ملازم عمیر مشتاق کے خلاف زیردفعہ 170، 420 ت پ کے تحت مقدمہ درج کر کے بازپرس شروع کر دی۔ متاثرہ شہری مدثر علی نے پولیس کو دی جانیوالی درخواست میں بتایا کہ وہ اپنی عزیزہ کا علاج معالجہ اور ٹیسٹ کروانے کیلئے الائیڈ ہسپتال گیا جہاں پر اسکی ملاقات عمیر مشتاق نامی نوجوان سے ہوئی جس نے خود کو ہسپتال کا ملازم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ مریض کے ٹیسٹ کروا دیتا ہے اور ٹیسٹوں کے عوض رقم کا مطالبہ کیا تو اس نے کہا کہ سرکاری ہسپتال میں تو ٹیسٹ فری ہوتے ہیں۔ معلوم ہوا کہ مذکورہ ملزم خود کو ہسپتال کا ملازم ظاہر کر کے مریضوں کو ٹیسٹ کروانے کے بہانے رقوم بٹورتا تھا، جس پر سکیورٹی والوں کو آگاہ کیا جنہوں نے ملزم کو پکڑ کر تھانہ سول لائن پولیس کے حوالے کر دیا۔




