ہوا سے پانی بنانیوالی حیرت انگیز مشین تیار

کیلیفورنیا(مانیٹرنگ ڈیسک )پانی کے حصول کیلیے نہ تو دریا چاہیے اور نہ ہی کنواں، امریکی سائنسدان نے سولر پینلز کی طرز پر ہوا سے پانی بنانے والی حیرت انگیز مشین تیار کرلی، روزانہ1ہزار لیٹر صاف پانی حاصل ہوگا۔ رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں پانی کے تیزی سے بڑھتے ہوئے بحران کے دوران ایک انقلابی سائنسی ایجاد نے توجہ حاصل کرلی ہے۔امریکا کی کیلیفورنیا یونیورسٹی کے کیمیا دان اور نوبل انعام یافتہ سائنسدان عمر یاغی نے ایک ایسی مشین تیار کی ہے جو براہِ راست ہوا سے پینے کا صاف پانی حاصل کرسکتی ہے۔رپورٹ کے مطابق اٹوکو کمپنی کی تیار کردہ یہ جدید مشین روزانہ ایک ہزار لیٹر تک صاف پانی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے حتی کہ ایسے علاقوں میں بھی جہاں نمی کی شرح صرف 20 فیصد سے بھی کم ہو پانی حاصل کرلیتی ہے۔ماہرین کے مطابق اس ٹیکنالوجی میں میٹل آرگینک فریم ورکس نامی جدید مادے استعمال کیے گئے ہیں یہ انتہائی باریک سوراخوں پر مشتمل خاص ساخت رکھتے ہیں جو ہوا میں موجود نمی کو اسپنج کی طرح جذب کرلیتے ہیں۔بعد ازاں سورج کی حرارت یا کم درجے کی تھرمل توانائی کے ذریعے جذب شدہ نمی کو خارج کیا جاتا ہے، جسے گاڑھا کرکے صاف اور پینے کے قابل پانی میں تبدیل کردیا جاتا ہے، اس عمل میں روایتی واٹر جنریٹرز کی طرح زیادہ بجلی یا کولنگ سسٹم کی ضرورت نہیں پڑتی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں