یومیہ وٹامن ڈی کے استعمال کا بڑا فائدہ سامنے آگیا

لاہور (بیوروچیف) ایک طویل تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ وٹامن ڈی کی یومیہ خوراکیں کھانے سے نہ صرف ہائی کولیسٹرول کم ہوسکتا ہے بلکہ اس سے ہائی بلڈ پریشر اور ذیابیطس بھی کم ہوسکتا ہے۔علاوہ ازیں وٹامن ڈی کی خوراکیں کھانے سے جسم میں انسولین پیدا کرنے کی شرح بھی بہتر ہوتی ہے۔طبی جریدے میں شائع تحقیق کے مطابق امریکی اور چینی ماہرین کی جانب سے دنیا کے مختلف ممالک میں کی جانے والی تحقیق کے جائزے سے معلوم ہوا کہ وٹامن ڈی کی یومیہ خوراکیں متعدد طبی پیچیدگیوں سے بچانے میں مددگار ہوتی ہیں۔ماہرین نے دنیا بھر کی 99تحقیقات کا جائزہ لیا، جن میں 18ہزار کے قریب افراد پر تحقیق کی گئی تھی۔تحقیق سے معلوم ہوا کہ وٹامن ڈی کی یومیہ خوراکیں اگرچہ نوجوان اور ادھیڑ عمر افراد کے لیے بھی فائدہ مند ہوتی ہیں، تاہم یہ زائد العمر افراد کے لیے زیادہ فائدہ مند ثابت ہوتی ہیں۔ماہرین کے مطابق چوں کہ عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ انسانی جسم میں وٹامن ڈی کی سطح یا شرح کم ہوتی جاتی ہے، اس لیے بڑھتی عمر میں وٹامن ڈی کی خوراکیں لینا اچھی حکمت عملی ہے۔ماہرین نے بتایا کہ خصوصی طور پر 50سال کے بعد وٹامن ڈی کی یومیہ خوراکیں استعمال کرنے سے زیادہ فائدہ ہو سکتا ہے۔وٹامن ڈی کا یومیہ کم سے کم ایک کیپسول کھانے سے نہ صرف ہائی کولیسٹرول بلکہ ہائی بلڈ پریشر بھی کم ہوسکتا ہے جب کہ اس سے ذیابیطس بھی کم ہوسکتا ہے۔ماہرین نے تجویز دی کہ اگر وٹامن ڈی کے کیپسولز کے بجائے وٹامن ڈی سے بھرپور قدرتی طور غذائیں استعمال کی جائیں تو اچھا ہے لیکن ایسی غذائوں کے ساتھ اگر وٹامن ڈی کے کیپسولز لیے جائیں تو بھی بہتر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں