1کروڑ سے زائد کی رقم خرد برد کرنیوالا ملزم4سال بعد گرفتار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایس ایچ او تھانہ ریلبازار شاہد اعوان نے سابق ایم پی اے نواز ملک اور سابق میئر فیصل آباد رزاق ملک کے بھائی ندیم یوسف کیساتھ ایک کروڑ سے زائد کی رقم خردبرد کرنے والے سیلز مین کو 4 سال بعد گرفتار کر لیا۔ تفصیل کے مطابق ملک گھی اینڈ کوکنگ آئل فیکٹری کے ڈائریکٹر ندیم یوسف نے بتایا کہ اس نے ریلبازار گول کریانہ مارکیٹ میں دفتر بنا رکھا ہے اور اس کے پاس 14 سال سے خرم شہزاد ولد محمد اسلم سکنہ رضاآباد بازار نمبر3 گلی نمبر22 بطور سیل مین کام کرتا تھا اور اس کی شہر بھر کے 114 دکانداروں سے ریکوری کی ذمہ داری بھی تھی۔ اکتوبر 2022ء کے دوران ریکوری کم ہونے پر کھاتے چیک کیے تو پتہ چلا کہ سیلز مین خرم شہزاد نے ریکوری کے بعد رقم جمع نہ کروائی ہے جس پر دکانداروں سے لی گئی رقوم بارے دریافت کیا اور حساب کتاب کرنے پر ملزم خرم شہزاد کے ذمہ ایک کروڑ 7لاکھ 72ہزار 380 روپے واجب الادا نکلے تو ملزم گھر کو تالہ لگا کر اہل خانہ سمیت غائب ہو گیا جس پر تھانہ ریلبازار میں 408 ت پ کے تحت مقدمہ درج کروایا تھا۔ تاہم ایس ایچ او ریلبازار نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جدید وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے 4 سال سے روپوش سیلزمین ملزم خرم شہزاد کو گرفتار کر کے شامل تفتیش کر لیا اور رقم کی برآمدگی کیلئے بازپرس شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں