فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبد الکریم ، مرکزی ناظم اعلی علامہ عبدالرشید حجازی ، ایڈیشنل ناظم اعلی حضرت مولانا سید سبطین شاہ نقوی ، امیر مرکزیہ پنجاب حافظ محمد یونس آزاد ، خازن مرکزیہ پنجاب مہر محمد عبداللہ اور خالد محمود اعظم آبادی نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ 15 نومبر بروز اتوار مینار پاکستان لاہور میں منعقد ہونے والی عظیم الشان آل پاکستان اہلحدیث کانفرنس ملکی کی سیاسی و مذہبی تاریخ میں اپنی مثال آپ ہو گی ۔ جو کہ تحفظ حرمین شریفین ، تحفظ ختم نبوت و ناموسِ رسالت ملکی بقا وسلامتی اور استحکام کے لیے اداروں کے ساتھ اظہار یکجہتی ، فرقہ واریت و انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے ۔ کانفرنس میں مسلک اہلحدیث سے وابستہ لاکھوں فرزندان توحید کے ساتھ ساتھ اندرون و بیرون ممالک سے ممتاز علما کرام ، شیوخ حضرات ، دانشور اور سیاسی وسماجی شخصیات شریک ہوں گی ۔ سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبد الکریم امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ ملکی بقا وسلامتی اور استحکام کے لیے کام کیا ہے ہمارے اسلاف نے قیام پاکستان کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں ۔ علامہ عبدالرشید حجازی ناظم اعلی مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کا کہنا تھا کہ حوثی باغی اور ان کے حواری نہ صرف سعودی عرب حرمین شریفین بلکہ اسلام کے بھی دشمن ہے مکہ معاہدہ کے تحت حرمین شریفین کا تحفظ و دفاع ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے ۔ حوثی باغیوں کا خاتمہ نہ صرف سعودی عرب بلکہ دنیا بھر کے اہل ایمان کا مطالبہ ہے ۔




