2حادثات،1جاں بحق،میاں بیوی سمیت9زخمی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سمندری روڈ پر روشن والا کے قریب ریس لگاتی دو ٹریکٹر ٹرالیاں آپس میں ٹکرانے سے ایک نوجوان جاں بحق’ تین بری طرح زخمی ہو گئے، ریسکیو1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر نعش کو پولیس کے حوالے کر کے زخمیوں کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ سمندری روڈ پر دو ٹریکٹر ٹرالیاں ریس لگاتے ہوئے جا رہی تھیں کہ روشن والا کے قریب ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی کوشش میں ایک دوسرے سے ٹکرا کر بے قابو ہو کر فٹ پاتھ پر چڑھ گئیں، دونوں ٹریکٹر ٹرالیوں میں سوار چار افراد گر کر بری طرح زخمی ہو گئے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی تو 40سالہ قاسم ولد فلک شیر سکنہ 242ر ب زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار چکا تھا جبکہ 30 سالہ سونی’ 15سالہ علی حمزہ اور 16 سالہ عاصم بری طرح زخمی ہو گئے، جنہیں طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ روشن والا پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے متوفی کے لواحقین کی تلاش شروع کر دی ہے۔دریں ثناء ۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سمندری کے قریب ایم تھری موٹروے پر تیز رفتار کار ٹینکر سے ٹکرانے سے میاں بیوی بچوں سمیت 6 افراد بری طرح زخمی ہو گئے، ریسکیو1122 کی ٹیموں نے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ خانیوال کا رہائشی فیصل اپنی فیملی کے ہمراہ لاہور جا رہا تھا جب وہ سمندری کے قریب ایم تھری موٹروے پر پہنچا تو تیز رفتاری کے باعث کار ٹینکر سے ٹکرا گئی، جسکی وجہ سے کار کا اگلا حصہ بری طرح تباہ ہو گیا، حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں 36سالہ فیصل’ 32 سالہ اہلیہ سائرہ اور 16سالہ بیٹی فاطمہ’ 14سالہ عائشہ’ 10سالہ زین العابدین اور 6سالہ عبدالہادی کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال پہنچایا۔ جبکہ کار نمبری ML-3795 کا اگلا حصہ بری طرح تباہ ہو گیا، پولیس مصروف تفتیش ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں