فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی سی ڈی اور پولیس کیساتھ مبینہ مقابلوں میں ریکارڈ یافتہ 2ڈاکو ہلاک’ 2ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار جبکہ ان کے ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے۔ پولیس نے نعشیں قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے مارچری اور زخمی ڈاکوئوں کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ سی سی ڈی لائلپور ٹائون کے انچارج صدیق چیمہ’ سی سی ڈی ہیڈ کوارٹر عمر سرفراز وڑائچ اور سی سی ڈی اقبال ٹائون کے علی اکرام گورائیہ نے اپنی ٹیموں کے ہمراہ روشن والا بائی پاس کے قریب واقع سٹی ہائوسنگ کالونی میں ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تو انہوں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ان پر فائرنگ کر دی، پولیس نے جوابی فائرنگ بھی کی۔ تاہم فائرنگ کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا۔ فائرنگ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم مارا گیا جسکی شناخت مبشر عرف بچھی ولد سردار سکنہ 92 گ ب کے نام سے ہوئی جو کہ ریکارڈ یافتہ اور پولیس کو 50 سے زائد وارداتوں میں مطلوب تھا جبکہ اس کے ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے۔ مرنے والا ڈاکو بڑی بڑی دکانوں اور شاپنگ مارٹ پر وارداتیں کرتے تھے اور ان کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں جبکہ سمندری کے علاقہ موتیاں والا بنگلہ کے قریب پیش آیا، صدر کے انچارج حافظ عامر فرحان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو روکا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ جوابی فائرنگ میں خطرناک ڈاکو ساجد حسین اپنے انجام کو پہنچ گیا، اس کے ساتھی فرار ہو گئے۔ علاوہ ازیں تھانہ بلوچنی کے علاقہ میں مبینہ مقابلہ کے دوران محبوب ولد مقصود سکنہ 98 رب اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر بری طرح زخمی ہو گیا جسے گرفتار کر کے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ تھانہ ملت ٹائون کے ایس ایچ او علی اکبر نے عملہ کے ہمراہ سیم نہر کے قریب ناکہ پر مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو روکا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی’ جوابی فائرنگ بھی کی، تاہم فائرنگ کا سلسلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا جس نے اپنا نام رضوان ولد کامران بتایا جو کہ ریکارڈ یافتہ اور 25 سے زائد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔ مضروب کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ اس کے ساتھی فرار ہو گئے۔پولیس نے فرار ہونیوالے ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔




