صوبائی وزیر کی زیر صدارت فیڈمک بورڈ کا اجلاس

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت فیڈمک بورڈ آف ڈائریکٹرز کا140 واں اجلاس فیڈمک آفس میں منعقد ہو ا۔ اجلاس میں 12نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔بورڈ نے اجلاس کی کاروائی آگے بڑھانے کیلئے سابق صدر ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد ڈاکٹر خرم طارق کو عارضی طور پر چیئرمین بورڈ مقرر کیا۔سی ای او فیڈمک میاں جمیل احمد کی تقرری کی توثیق کی گئی اور سائننگ اتھارٹی کے اختیارات تفویض کئے گئے۔ بورڈ نے پروکیورمنٹ اور آڈٹ سمیت5 مختلف کمیٹیوں کی تشکیل کی منظوری دی۔علاوہ ازیں بورڈ نے بعض انتظامی اور مالی امور کی منظوری بھی دی۔ بورڈ نے زمز سکیورٹی سروسز کے کنٹریکٹ میں رولز کے مطابق توسیع اور نئی سکیورٹی کمپنی ہائر کرنے کی منظوری دی جبکہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کے مرکزی داخلی راستے اور بائونڈری وال کے باقی ماندہ کام کے ای ٹینڈرنگ سے مشروط کنٹریکٹ کی منظوری دی۔علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں 2لفٹ اسٹیشنز کی تعمیر، فیڈمک کے زیر اہتمام صنعتی مراکز میں سٹریٹ لائٹ پراجیکٹ کی ای ٹینڈرنگ،ایم تھری انڈسٹریل سٹی میں کمرشل ایریا لانچ کرنے کیلئے فنانشل ماڈل کی منظوری دی گئی۔بورڈ اجلاس میں فنانشل آڈٹ کے حوالے سے پیش رفت رپورٹ بھی پیش کی گئی۔بورڈ کے ڈائریکٹرز نے صنعت کاری کے عمل کو تیز کرنے اور نئی سرمایہ کاری کے عمل کو تیز کرنے کیلئے مل کر آگے بڑھنے کا عزم کیا۔بورڈ کا آئینی پوسٹوں کا رولز کے مطابق فوری پر کرنے پر اتفاق ہو ا۔ صوبائی وزیر صنعت وتجارت نے کہا کہ فیڈمک کے زیر اہتمام صنعتی مراکز میں صنعتی انفراسٹرکچر کو بہتر کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ فیڈمک کے معاملات کوبھی بہتر کریں گے اورصنعتی مراکز میں سکیورٹی کے امور کیلئے اعلی پروفیشنل سکیورٹی ایجنسی ہائر کی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ صنعتکاری کا عمل تیز کرکے روزگار کے مواقع بڑھانا مشن ہے۔صوبائی وزیر نے صنعتی مراکز میں ترقیاتی کاموں میں سست روی پر ناراضی کا اظہار کیااور ترقیاتی کام تیزرفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں شفافیت،بروقت تکمیل اور معیار کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔ایڈیشنل سیکرٹری کامرس،سینئر اکنامک ایڈوائزر اور ڈپٹی کمشنر فیصل آباد نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں