7 ممالک سے مزید 52پاکستانی بے دخل

اسلام آباد (بیوروچیف) دنیا کے 7ممالک نے 52پاکستانی افراد کو اپنے ملک سے بے دخل کر دیا۔ رپورٹ کے مطابق سعودی عرب ، امریکا، یو اے ای، سویڈن کی جانب سے پاکستانیوں کو اپنے ملک سے بے دخل، کیا گیا ہے ، رپورٹ میں کہا گیا کہ بیرون ملک سے بے دخل ہو کر کراچی ایئرپورٹ پہنچنے والے 3افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ دیگر کو ان کے گھر بھیج دیا گیا۔ امیگریشن ذرائع کے مطابق پاکستانی شہریوں کو مختلف خلاف ورزیوں اور الزامات پر بے دخل کیا گیا ، سعودی عرب سے بے دخل ہونے والے دو پاکستانیوں کو بلیک لسٹ، ایک کو بھیک مانگنے، 9 افراد کو کفیل کی شکایات، 11کو زائد المعیاد قیام، 7کو پاسپورٹ گم ہوجانے پر اور دیگر 11کو مختلف الزامات کے تحت واپس پاکستان بھیجا گیا۔ وہیں سویڈن سے ایک اور امریکا سے دو پاکستانیوں کو غیر قانونی داخلے پر بے دخل کیا گیا، عمان سے ویزا معیاد ختم ہونے پر ایک پاکستانی، جبکہ متحدہ عرب امارات سے 3افراد کو غیر قانونی قیام پر بے دخل کیا گیا۔ بیرون ملک سے 3 پاکستانی بچوں کو بھی بے دخل کیا گیا، جنہیں ایمرجنسی دستاویزات پر پاکستان واپس بھیج دیا گیا۔ دوسری جانب وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے امیگریشن سیل کے عملے کی جانب سے کراچی ائیرپورٹ سے اٹلی، سعودی عرب، قطر، تنزانیہ اور دیگر ممالک جاتے ہوئے 13افراد کو روک لیا گیا۔ امیگریشن ذرائع نے بتایا کہ عمرہ زائرین عبدالخالق، حق نواز، اکرام اللہ، سمیع اللہ، احسن اللہ کو ایڈوانس ہوٹل بکنگ اور اخراجات کی مناسب رقم نہ ہونے پر سفر سے روکا گیا۔ قطر جاتے ہوئے وسیم عباس کو ورک ویزے سے متعلق دستاویزات، این او سی نہ ہونے پر آف لوڈ کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں