حضرت علی کی زندگی کا ہر پہلو روشن اور مشعل راہ ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) حضرت سیدنا علی المرتضی رضی اللہ عنہ کے یوم ولادت کے سلسلہ میں محفل “جشن علی المرتضی رضی اللہ عنہ” کاانعقادنامور عالم دین مفتی ڈاکٹر سید صداقت علی شاہ بخاری گولڑوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علی المرتضی رضی اللہ عنہ کی ذات علم وعمل فکروشعورکاکوہ گراں تھی۔حضرت علی المرتضی رضی اللہ عنہ کوذات نبوی کی خاص صفات وکمالات سے گہری مناسبت تھی۔ حضرت علی رضی اللہ عنہ کی محبت عین ایمان ہے۔اللہ تعالی نے آپکو ان گنت فضائل وکمالات سے نوازا ہوا ہے۔آپ اسلام کے تحفظ کیلئے ہرجنگ میں ناصرف شامل تھے بلکہ خیبروخندق بدر واحدکے ہیرو رہے ہیں۔ دشمنان اسلام پراللہ تعالی نے آپ کی ایسی ہیبت بڑھائی کہ کفارکے بڑے بڑے سردار آپ کے نام سے کانپتے تھے۔ مولائے کائنات کوذات مصطفی صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے خاص نسبت اورصفات وکمالات میں خصوصی درجہ حاصل تھا۔حضرت علی رضی اللہ عنہ کی زندگی کا ہرپہلوروشن اورمشعل راہ ہے۔آپ کے ارشادات نوع انسانی کے لئے بہترین رہنمائی ہیں۔محبت اہلبیت رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے بغیر ایمان نامکمل ہے۔کعبہ میں ولادت سے مسجد میں شہادت ہی فقط آپکا اعزاز نہیں بلکہ آپ کی محبت وغلامی کومومن اورمنافق کی پہچان قراردیاگیاہے۔قرآن پاک واحادیث نبوی صلی اللہ علیہ والہ وسلم میں متعددبارآپ کی عزت وعظمت کابیان ہواہے آپ کی ذات اورتعلیمات آج بھی امت مسلمہ کے لیے عملی طور پہ مشعل راہ ہے۔ جس پرعمل پیراہوکرکامیابی سمیٹی جاسکتی ہے۔ محفل جشن علی المرتضی میں عوام الناس کی کثیر تعداد نے شرکت کی اورمحفل علی رضی اللہ عنہ کی صدائوں سے گونجتی رہی۔معروف ثنا خوان علی رضا نقشبندی اورعبدالستارسانول نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ والہ وسلم ومناقب مرتضی رضی اللہ عنہ سے محفل میں سماں باندھے رکھا۔ پاکستان فلاح پارٹی کے سینئر وائس چیئرمین سید آفتاب عظیم بخاری ومسجد انتظامیہ نے محفل میں شرکت کرنے والے احباب محبت کاشکریہ اداکیا۔ اختتام محفل پرملک وقوم کی خوشحالی، استحکام، امن وامان، تعمیر وترقی اورمظلوم فلسطینی مسلمانوں سمیت عالم اسلام کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں