انسانی سمگلنگ کی روک تھام،بیرون ممالک جانیوالے9شہروں کے مسافروں کی کڑی نگرانی کا حکم

اسلام آباد (بیوروچیف) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے انسانی اسمگلنگ روکنے کیلئے ایڈوائزی جاری کردی۔ایف آئی اے ایئرپورٹس پر9شہروں سے آنیوالے مسافروں کی کڑی نگرانی کرنے کی ہدایت کردی ہے، پہلی بار سفر کرنے والے15 سے 40 سال کے مسافروں کی نگرانی کی جائے۔سرکلر میں 2 غیرملکی نجی ایئرلائنز کے نوجوان مسافروں کی سخت چیکنگ، 16ممالک کا سفر کرنے والے مسافروں کی پروفائلنگ کا بہتر نظام بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ممالک میں آذربائیجان، ایتھوپیا، سینیگال، کینیا، روس، سعودی عرب اور مصر شامل ہیں۔ لیبیا، ایران، موریطانیہ، عراق، ترکی، قطر، کویت اور کرغزستان جانے والے بھی ریڈار پر ہے۔ایف آئی اے کی جانب سے 9 اضلاع سے تعلق رکھنے والے مسافروں کی کڑی نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے۔ منڈی بہا الدین، گجرات، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، بھمبر، جہلم، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد اور شیخوپورہ شامل ہیں۔ایڈوائزی کے مطابق مسافروں کی تمام دستاویزات بشمول واپسی کے ٹکٹ، ہوٹل بکنگ کی اچھی طرح جانچ کی جائے، وزٹ یا سیاحتی ویزوں پر جانے والوں کی توجہ کے ساتھ تمام دستاویزات چیک کی جائیں۔سفری مقصد اور مالی انتظامات کا پتہ لگانے کے لیے مشکوک مسافروں کے سخت انٹرویوز کا حکم دیا گیا ہے، امیگریشن افسران کیسز کا تفصیلی ریکارڈ رکھیں، مشکوک معاملے کی فوری اطلاع دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں