”کشمیر کپ” کبڈی ٹورنامنٹ پانچ فروری کو کھیلاجائیگا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے ) اور ڈویژنل کبڈی ایسوسی ایشن کے اشتراک سے یوم کشمیر کپ کبڈی ٹورنامنٹ پانچ فروری کو سرگودھا روڈ ایف ڈی اے سٹی کے سپورٹس گرائونڈ میں منعقد ہوگا جس کے انعقاد کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور مسئلہ کشمیر کو ہرفورم پر اجاگر کرنا ہے۔کشمیر کبڈی کپ ٹورنامنٹ کے شاندار انعقاد کیلئے ضروری انتظامات مکمل کئے جارہے ہیں جس میں کبڈی کی چار نامور ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کشمیر کبڈی کپ ٹورنامنٹ کے حوالے سے سیکرٹری جنرل ڈویژنل کبڈی ایسوسی ایشن طیب گیلانی سے ملاقات کی اور اس ایونٹ کے کامیاب انعقاد کیلئے ضروری امور کاجائزہ لیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل یاسراعجاز چٹھہ و دیگر افسران اس موقع پر موجود تھے۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر کو پورے قومی جوش و جذبے سے منانے کیلئے دیگر پروگرامز کے ساتھ ایف ڈی اے نے بھی سپورٹس ایونٹ منعقد کرانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس مقصد کیلئے ثقافتی و دیسی کھیل کبڈی ٹورنامنٹ کا انتخاب کیا گیا ہے جس میں شائقین کی بہت بڑی تعداد شرکت کرے گی اور مسئلہ کشمیر کو پر زور انداز میں اجاگر کرنے میں مدد ملے گی ۔ڈی جی ایف ڈی اے نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ اس خصوصی ایونٹ کے انتظامات کو مثالی بنانے میں بھرپور معاونت کریں۔ سیکرٹری جنرل ڈویژنل کبڈی ایسوسی ایشن طیب گیلانی نے میٹنگ کے دوران کشمیر کبڈی کپ ٹورنامنٹ کے مجوزہ انتظامات کی مختلف تفصیلات اور ضروریات کے بارے میں بتایا اور کہا کہ یوم کشمیر ملکی تاریخ کا اہم دن ہے جسے قومی جذبے سے مناتے ہوئے کشمیریوں بھائیوں سے بھرپور یکجہتی اور ان کی جدوجہد آزادی میں گہری ہمدردری و حمایت کا اظہار کیا جائے گا۔ بعد ازاں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے یاسر اعجاز چٹھہ، پراجیکٹ ڈائریکٹر/ ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ سہیل مقصود پنوں اور سیکرٹری جنرل ڈویژنل کبڈی ایسوسی ایشن طیب گیلانی و دیگر عہدیداروں نے کشمیر کبڈی کپ ٹورنامنٹ کے انتظامات کے حوالے سے ایف ڈی سٹی میں سپورٹس گرائونڈ کا دورہ کیا اور کبڈی کے کھیل کے لئے میدان سجانے کے تقاضوں کا جائزہ لیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں