ہول سیل مارکیٹس کی منتقلی مشترکہ اقدامات کی یقین دہانی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) گھنٹہ گھر کے آٹھ بازاروں کو تجاوزات سے پاک اور وہیکل فری بنانے کے لئے انتظامیہ اور تاجر ایک پیج پرہیں۔کمشنر مریم خان سے آٹھ بازاروں کے تاجروں نے ملاقات کی۔کمشنر نے تاجروں کی تجویز پرہول سیل مارکیٹس کو آٹھ بازاروں سے باہر منتقل کرنے کے لئے مشترکہ اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی اورکہا کہ تاجر برداری کو ممکن تمام سہولیات فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کاروباری سرگرمیاں بلاتعطل جاری رہیں گی اور پارکنگ کے مسائل کے حل کے لئے لانگ ٹرم اقدامات کئے جارہے ہیں۔اس ضمن میں بیرون چنیوٹ بازار زیرتعمیر پارکنگ پلازہ کو تیزی سے مکمل کرایا جائے گا۔انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ تاجروں کے تعاون سے آٹھ بازاروں کو مثالی بناکردم لیں گے۔کمشنر نے کہا کہ راجباہ روڈ پر دستیاب پارکنگ سائٹ پر لائٹنگ اور روزانہ معیاری صفائی ہوگی۔پارکنگ کے نظام میں اوورچارجنگ کا فوری قلع قمع کیا جائے گا۔بازاروں میں موٹر سائیکلز کے داخلے اور واپسی کے لئے قابل عمل ماڈل بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا اور کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق شہری خوبصورتی ناگزیر ہے۔بازاروں کی شکل دکانوں کے باہر نصب یکساں تھیم کے ڈیزائن سے جڑی ہے اورانتظامیہ ایک بازار میں بورڈز سپانسر کرائے گی۔تاجر بھی ہمیشہ کی طرح فراخدلی دکھائیں۔ سابق ایم این اے میاں عبدالمنان،محمد اسلم بھلی،را سکندراعظم، ملک شاہد رسول، ایوب اسلم منج سمیت دیگر تاجروں نے انتظامیہ کے شانہ بشانہ چلنے کا عزم کرتے ہوئے شہر اور بالخصوص آٹھ بازاروں کو تجاوزات سے پاک کرنے کے اقدام کو سراہا۔تاجر برداری نے انتظامیہ کو ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں