PTIمیں ہر ایک کے اپنے مفادات ہیں’خواجہ آصف

اسلام آباد(بیوروچیف) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی مذاکرات نہیں صرف اپنے لئے ریلیف کا راستہ نکالنا چاہتی ہے ،مذاکرات نہ چلنے کی پہلے ہی پیشنگوئی کردی تھی ،پی ٹی آئی میں ہر ایک کے اپنے مفادات ہیں ،خیبرپختونخوا کے عوام کوریلیف ملنا چاہیے صوبائی حکومت اس پر کام نہیں کررہی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ پی ٹی آئی سے مذاکرات نہ چلنے کی پیش گوئی پہلے ہی کر دی تھی، پی ٹی آئی کا مقصد مذاکرات نہیں، نہ ہی وہ مسائل کا حل نکالنا چاہتی ہے، پی ٹی آئی کی نفسیات سمجھتا ہوں، ان کا مقصد صرف ایک شخص کو ریلیف دلانا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں بانی پی ٹی آئی کو اچھی طرح جانتا ہوں، پی ٹی آئی کی لیڈر شپ ایک دوسرے کی گردن کاٹنے کے چکرمیں ہے، پی ٹی آئی میں ہر ایک کے مفادات ہیں، ان کا کوئی نظریہ نہیں، یہ لوگ صرف مفادات کے لئے اکھٹے ہوئے ہیں۔وزیر دفاع نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کو امن و ریلیف ملنا چاہیے، پی ٹی آئی کی حکومت اپنی بنیادی ذمہ داری پوری نہیں کر رہی ہے، اسی طرح پارا چنار اور کرم کے لوگوں کو ریلیف ملنا چاہیے، کے پی حکومت اسلام آباد پر3 مرتبہ حملہ کر چکی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں بات کرنے کے لیے بہت سے موضوعات ہیں، تحریک انصاف کواس کے حالات پر چھوڑ دینا چاہیے، پی ٹی آئی مشروط مذاکرات چاہتی ہے، اس طرح کے مذاکرات ہمیشہ ناکام ہو جاتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت بہتری کی طرف بڑھ رہی ہے، پی ٹی آئی نے ماضی میں بھی اسلام آباد تک مارچ کی دھمکی دی تھی، ان کا احتجاج کا نیا اعلان بھی ایسے ہی گزر جائے گا۔خواجہ آصف کے مطابق پی ٹی آئی رہنماؤں کی سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد کوئی بھی گرینڈ اپوزیشن الائنس ہمارے لئے تشویش کی بات نہیں ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں