معراج نبی کریم ۖ کا جلیل القدر معجزہ ‘اللہ کی عظیم نعمت

فیصل آباد( سٹاف رپورٹر) واقعہ معراج نبی کریم ۖ کا جلیل القدر معجزہ اور اللہ تعالی کی عظیم نعمت ہے۔اسلام زندگی گزارنے کا مکمل ضابطہ حیات پیش کرتا ہے۔ تاریخ عالم میں واقعہ معراج انتہائی خصوصیات کا حامل ہے۔معراج النبی ۖ پر اللہ کریم نے امت مسلمہ کے لیے نماز کا تحفہ عطا فرمایا۔نماز کی ادائیگی کا ہر مسلمان کو بھرپور اہتمام کرنا چاہیے۔ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے ڈویثرنل صدر و ممبر ضلعی امن کمیٹی پروفیسر پیر محمد آصف رضاقادری نے شب معراج کے سلسلہ میں منعقدہ ”فلسفہ معراج النبی ۖ سیمینار” سے ملک پور میں خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہاکہ مسلمان معراج النبی ۖ کے موقع پر انفرادی و اجتماعی عبادات اور ملک و قوم کیلیے دعائیں کریں۔حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے واقعہ معراج کی تصدیق کرکے صدیق کا لقب پایا۔اللہ رب العزت نے خاتم المرسلینۖکوتمام انبیاء علیھم السلام سے ممتاز کرنے کے لئے جسمانی معراج شعور کی حالت میں کروایا۔ آپ ۖ راتوں رات مکہ مکرمہ، بیت المقدس، مسجد اقصی اور پھر وہاں سے آسمانوں پر تشریف لے گئے۔ سدرة المنتہیٰ کا سفر ایسی عظیم بلندیوں پر تھا جسے عقل سمجھنے سے قاصر ہے۔ پختہ ایمان والے صدیق اکبررضی اللہ تعالیٰ عنہ کی پیروی کرتے ہوئے واقعہ معراج النبی ۖ کو حضور نبی کریم ۖ کا شعور کی حالت میں جسمانی سفر مانتے ہیں۔واقعہ معراج النبی ۖ نے انسانی ذہن کو ایک منفرد زاویے اور انسانی فکرو نظر کی نئی بلندیوں سے ہمکنار کیا۔ اسلام کی تعلیمات کو عام کرکے ہی معاشرے میں بہتری لائی جاسکتی ہے۔۔ملکی ترقی سلامتی اور استحکام کیلیے بلا امتیاز کام کرنا ہو گا۔آج ضرورت اس بات کی ہے کہ تمام مسلمان قرآن وسنت کی تعلیمات کے مطابق اپنی زندگیاں بسرکریں۔تقریب کے آخر میں ملکی ترقی سلامتی و استحکام اور اسلامی نظام کے عملی نفاذ کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں