سابق میونسپل آفیسر فنانس مجیب الرحمن شامی جسمانی ریمانڈ پر اینٹی کرپشن کے حوالے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) عدالت نے ایک ارب سے زائد کی کرپشن کے الزام میں پکڑے جانیوالے میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کے سابق میونسپل آفیسر فنانس مجیب الرحمن شامی کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر اینٹی کرپشن کے حوالے کر دیا گیا، دوران تفتیش مجیب الرحمن شامی سے سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ہیں۔ میونسپل کارپوریشن کے افسران واہلکاروں میں کھلبلی مچ گئی، میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کے مزید اہلکاروں کی گرفتاریاں متوقع ہیں۔ میونسپل کارپوریشن آفیسر فنانس کو دوبارہ 30جنوری کو اینٹی کرپشن عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ سابق میونسپل کارپوریشن آفیسر فنانس مجیب الرحمن شامی نے اپنی تعیناتی کے دوران رجسٹری فیس کی مد میں ڈیڑھ ارب کے قریب سرکاری خزانہ کو نقصان پہنچایا تھا۔ جس پر اینٹی کرپشن میں ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کی سربراہی میں اینٹی کرپشن ٹیم نے لاہور میں کامیاب چھاپہ مار کر مذکورہ ملزم سابق میونسپل آفیسر فنانس مجیب الرحمن شامی کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کر کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تو فاضل جج نے تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر اینٹی کرپشن کے حوالے کرتے ہوئے دوبارہ 30جنوری کو پیش کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں