خاتون کو بلیک میل کرنیوالے مجرم کو قید و جرمانہ

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) ایڈیشنل سیشن جج/جج سپیشل کورٹ اینٹی ریپ نے تھانہ ایف آئی اے کے ہراساں و بلیک میل کرنے کے مقدمہ میں ملوث ملزم کو جرم ثابت ہونے پر7سال قید اور ڈیڑھ لاکھ روپے جرمانہ کی سزا کا حکم سنایا۔ استغاثہ کے مطابق، چک نمبر 195ر ب جنڈانوالی کے رہائشی ملزم عبدالقادر نے چک نمبر 204ر ب کی رہائشی اپنی ایک رشتہ دار خاتون مسمات ارم شہزادی کی قابل اعتراض تصاویر بنا کر فیس بک پر اپ لوڈ کر کے اسے بلیک میل اور ہراساں کیا جس پر تھانہ ایف آئی نے ملزم کے خلاف انسداد الیکٹرانک کرائم ایکٹ کی دفعات 20، 21اور 24کے تحت مقدمہ درج کر کے چالان عدالت میں پیش کردیا۔ محمداقبال ہرل ایڈیشنل سیشن جج/جج سپیشل کورٹ اینٹی ریپ نے اس کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کو PECA کی دفعہ 20کے تحت2سال قید اور 50ہزار روپے جرمانہ کی سزا کا حکم سنایا۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں ملزم کو 3ماہ کی اضافی قید بھگتنا ہوگی۔ عدالت نے ملزم کو PECAکی دفعہ 21کے تحت 3سال قید اور 50ہزار روپے جرمانہ کی سزا کا حکم سنایا۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں ملزم کو 6ماہ کی مزید قید بھگتنا ہوگی۔ اسی طرح فاضل جج نے ملزم کو PECA کی دفعہ 24کے تحت 2سال قید اور 50ہزار روپے جرمانہ کی سزا حکم سنایا۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں ملزم کو 3ماہ کی اضافی قید بھگتنا ہو گی۔استغاثہ کی پیروی اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل سائبر کرائم ونگ فیصل آباد سہیل ساجد رانجھا نے کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں