سمندر کے راستے یورپ بھجوانے میں ملوث 2انسانی سمگلرگرفتار

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) سمندر کے راستے شہریوں کو مراکش سے یورپ بھجوانے میں ملوث ملزم سمیت 2انسانی سمگلرز کو گرفتار کر لیا گیا’ پکڑے جانیوالے ملزمان کی شناخت عمر حیات اور محمد نعیم کے نام سے ہوئی جنہیں ایف آئی اے ٹیم نے فیصل آباد اور شیخوپورہ سے حراست میں لیکر بازپرس شروع کر دی۔ ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ہونیوالے ملزم عمر حیات نے شہری کو سمندری راستے کے ذریعے یورپ بھجوانے کے نام پر 57لاکھ روپے وصول کر کے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر وزٹ ویزے پر مختلف ممالک سے موریطانیہ بھجوایا۔ شہری کو سمندری راستے سے سپین بھجوانا تھا، جبکہ دوسرے ملزم محمد نعیم نے شہریوں کو سعودی عرب ملازمت دلوانے کا جھانسہ دیکر 21لاکھ روپے بٹورے اور سعودی عرب نہ بھجوایا اور رقم لیکر روپوش ہو گیا تھا۔ علاوہ ازیں ایف آئی اے نے مراکش کشتی حادثہ کے اہم سہولت کار عبدالغفار کو گزشتہ روز اسلام آباد ائیرپورٹ سے گرفتار کر کے اسکے خلاف فیصل آباد میں اسکے خلاف مقدمہ درج کر لیا تھا۔ پکڑے جانیوالے ایجنٹ عبدالغفار نے درجنوں افراد کو یورپ بھجوانے میں اہم سہولت کاری کی۔ ملزم 2023ء سے موریطانیہ میں رہائش پذیر تھا۔ ملزم کا والد اور قریبی رشتہ منیر احمد 2018ء سے موریطانیہ میں انسانی سمگلنگ میں ملوث ہیں۔ گرفتار ملزم عبدالغفار کے افریقی سمگلر ابوبکر سے بھی رابطے کے شواہد ملے ہیں۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم عبدالغفار اور اس کے ساتھی موریطانیہ اور برکینافاسو میں انسانی سمگلنگ میں سرگرم رہے اور متعدد بار پاکستانیوں کو یورپ بھجوانے کا جھانسہ دیکر کشتی میںسوار کروایا جس کے نتیجے میں کئی پاکستانی جاں بحق ہوئے، ملزم کا تعلق پیرمحل’ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں