1ماہ میں واسا کی36کروڑ سے زائد کی ریکارڈ رریکوری

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز کی ہدایت پر ریونیو ڈائریکٹوریٹس نے ماہ جنوری کے دوران محکمہ کی تاریخ میں ریکارڈ 36کروڑ روپے سے زائد کی ریکوری کی ہے جو کہ گزشتہ ماہ دسمبر سے بھی ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد ہے۔ایم ڈی واسا کی قیادت میں ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر ایڈمن شعیب رشید کی زیر نگرانی اور ریونیو ڈائریکٹر محمد اقبال ملک،عمر افتخار اور سٹاف کی خصوصی محنت و لگن اور فرائض کی ذمہ دارانہ انجام دہی سے گزشتہ کئی ماہ سے ریکارڈ ریونیو ریکوری کے باعث واسا فیصل آباد کا خسارہ بتدریج کم ہو رہا ہے جبکہ اسی حکمت عملی پر عمل درآمد کرتے ہوئے آئندہ سال کے بجٹ تک واسا فیصل آباد کے اپنے مالی معاملات میں ایک مستحکم پوزیشن پر ہو گا۔ایم ڈی واسا نے بتایا کہ ریونیو ڈائریکٹوریٹس کو ریونیو ریکوری میں اضافہ کرنے کی خصوصی ہدایت کررکھی تھی جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے ڈائریکٹر ریونیو ایسٹ عمر افتخار اور ڈائریکٹر ریونیو ویسٹ محمد اقبال ملک نے خصوصی کاوشیں کیں اور ریونیو فیلڈ سٹاف کو روزانہ کی بنیاد پر نادہندگان سے ریونیو ریکوری کرنے کی ہدایت کی تھی جس کے نتیجے میں دونوں ڈائریکٹوریٹس کی جانب سے جنوری کے مہینے میں 36 کروڑ روپے ریکارڈ ریکوری کی گئی جو کہ واسا کی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں کی گئی تھی جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ اس ریکارڈ ریونیو ریکوری پر انہوں نے ڈائریکٹرز ریونیو اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا ہے۔اس ضمن میں مینجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ شہری اپنے ذمہ واسا کے واجبات اور ماہانہ بلز کی ادائیگی کو بروقت یقینی بنائیں تاکہ واسا کی ریونیو ریکوری میں اضافہ ہو سکے جس سے شہریوں کو مہیا کی جانے والی فراہمی و نکاسی کی معیاری سروسز کو مزید بہتر بنایا جا سکے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ واسا کے ماہانہ بلز اور واجبات کی عدم ادائیگی پر صارفین کے کنکشن بھی منقطع کئے جارہے ہیں اور اس پریشانی سے بچنے کے لئے صارفین اپنے ماہانہ بلز بروقت جمع کروائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں