شہید ریسکیو اہلکار آبائی گاؤں میں سپرد خاک

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال، اسسٹنٹ کمشنر سمندری عثمان سکندر، ایمرجنسی آفیسر آپریشنز طارق محمود، ریسکیو سٹاف، میڈیا نمائندگان، چیئرمین و بانی الفضیلت فانڈیشن عتیق رندھاوا، سیاسی اور سماجی شخصیات سمیت شہریوں کی کثیر تعداد نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ شہید اظہر عباس کو تحصیل سمندری کے نواحی گائوں 414 گ۔ب جلوآنہ کے قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ شرکا نے شہید کے جسدِ خاکی پر پھول چڑھائے ریسکیو فیصل آباد کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی اور بلند درجات کے لیے دعا کی گئی۔ شہید اظہر عباس نے سوگواران میں بیوہ، 5 بیٹے اور 1 بیٹی چھوڑے ہیں۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال کا کہنا تھا کہ ریسکیو اہلکار کی حادثہ میں اچانک موت محکمہ اور شہید کے خاندان کے لیے بہت بڑا صدمہ ہے جس کا ازالہ ناممکن ہے ان کا کہنا تھا کہ اللہ پاک شہید اہلکار کی فیملی کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کی ہمت و حوصلہ عطا فرمائے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے سول ہسپتال فیصل آباد کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے حادثہ کے دوران زخمی ہونے والے ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن انور خان کی عیادت اور خیریت دریافت کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ یاد رہے کہ ریسکیو1122 کا ڈرائیور اظہر عباس ولد مولا داد’ میڈیکل ٹیکنیشن انور خان ولد شیر خان ایمبولینس میں مریضوں کو فیصل آباد ہسپتال منتقل کرنے کے بعد واپس سمندری جا رہے تھے کہ جب وہ ڈجکوٹ کے قریب پہنچے تو ریسکیو ایمبولینس گنے سے لوڈ ٹرالر سے ٹکرا گئی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ ریسکیو گاڑی بری طرح تباہ ہو گئی اور اس میں سوار ڈرائیور اظہر عباس زندگی کی بازی ہار گیا جبکہ میڈیکل ٹیکنیشن انور خان بری طرح زخمی ہو گیا، جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں