مشتعل افراد نے ریلوے ملازم کو مار ڈالا،اچانک گولی لگنے سے نوجوان چل بسا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) معمولی جھگڑے پر مشتعل ملزمان نے اینٹ مار کر ریلوے ملازم کو مار ڈالا’ اچانک گولی چلنے سے نوجوان کے ہاتھوں کزن چل بسا’ پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیں۔ تفصیل کے مطابق ریلوے کالونی طارق آباد کے رہائشی حسیب الرحمن نے بتایا کہ اس کا 53سالہ والد محمد فاروق ریلوے اسٹیشن پر گینگ نمبر 30 میں ڈیوٹی کرتا تھا اور گزشتہ روز وہ گودام میں داخل ہونے لگا تو مشتعل ملزمان غلام رسول وغیرہ نے منع کیا تو تلخ کلامی پر ملزمان نے اینٹیں مار کر بری طرح زخمی کر دیا جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ زندگی کی بازی ہار گیا۔ دوسرا واقعہ چک جھمرہ کے علاقہ 165 رب جنڈوال میں پیش آیا جہاں پر حنان اپنے ماموں زاد کزن احمد کے ہمراہ کریانہ کی دکان پر سودا سلف لینے گئے تو وہاں پر حنان سے اچانک پسٹل سے گولی چل گئی جو اس کے ماموں زاد احمد کے جسم میں پیوست ہو گئی اور وہ خون میں لت پت ہو کر گر پڑا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں