نجی ہاؤسنگ سکیموں کے منتظمین کو وسیع اور منظم شجرکاری کیلئے متحرک کیا جائے،کمشنر مریم خان

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد مریم خان نے حکم دیا ہے کہ پرائیویٹ ہائوسنگ سکیموں کے منتظمین کو وسیع اور منظم شجرکاری کیلئے متحرک کریں اس سلسلے میں مفید اور خوبصورت درخت لگانے کی سرگرمیاں واضح طور پر نظر آنی چاہیں۔انہوں نے یہ حکم ایک اجلاس کے دوران جاری کیا جس میں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے انہیں ایف ڈی اے کے تنظیمی ڈھانچے ، دائرہ اختیار ، ترقیاتی سرگرمیوں اور کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن عامر رضا،ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل یاسر اعجاز چٹھہ، چیف انجینئر مہر ایوب، ڈائریکٹرز جنید حسن منج، اسما محسن، سہیل مقصود پنوں، عاصم محمود و دیگر افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔ کمشنر نے کہا کہ موسم بہار کی شجرکاری مہم میں وسیع پیمانے پر درخت لگانے کی پلاننگ کی جا رہی ہے اس سلسلے میں گرین بیلٹس سمیت اردگرد کے علاقوں کو سرسبز وشاداب بنانے کے حوالے سے پرائیویٹ ہائوسنگ سکیموں کی ذمہ داریاں بھی بڑی اہمیت کی حامل ہیں لہٰذا سائنسی انداز میں خوشما شجرکاری کیلئے اقدامات کی مکمل مانیٹرنگ ہونی چاہئے۔ انہوں نے شہری ترقی کے مختلف پہلوئوں کا جائز ہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ دائرہ کار اور اختیارات میں اضافہ کرنے سے متعلق رولز کو مدنظر رکھتے ہوئے قوانین و پالیسی کے حوالے سے تنظیم نو کیلئے پلان تیار کریں جس کی حکومت پنجاب سے منظوری کیلئے اقدامات کئے جائینگے تاکہ ماسٹر پلاننگ کے تحت بلڈنگ کنٹرول ، کمرشلائزیشن اور شہری ترقی کے دیگر امور کو یکجا کرکے بہتر نتائج حاصل کئے جاسکیں ۔انہوں نے مستقبل کے تقاضوں کے مطابق شہر کی ہمہ جہت ترقی کیلئے مجوزہ منصوبوں کی تفصیلات طلب کیں اور کہا کہ ان کا جائزہ لے کر عملدرآمد کیلئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں شامل کرنے کی کوشش کی جائیگی۔ کمشنر نے ٹیپا کو فعال بنانے کے سلسلے میں درکار وسائل کا بھی جائزہ لیا اور کہا کہ شہر میں روڈ انجینئرنگ اور ٹریفک مینجمنٹ وقت کا اہم ترین تقاضا ہے لہذا ایف ڈی اے کے اس شعبے کو منظم خطوط پراستوار کرنے کیلئے جامع و مربوط اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہری خوبصورتی کے منصوبوں میں جدت لانے، کچی آبادیوں کے امور کو باقاعدہ بنانے سمیت دیگر ترقیاتی سرگرمیوں میں بھرپور معاونت کی جائیگی تاہم ایف ڈی اے کی سروسز کے معیار میں مزید اضافہ کرنے کیلئے جدید اصلاحات ناگزیر ہے اس سلسلے میں متحرک انداز میں آگے بڑھیں۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمدآصف چوہدری نے اتھارٹی کے لیگل فریم ورک ، رولز و پالیسی اور اختیارات کے متعلق دیگر قوانین کی تفصیلات کے بارے میں بتایا اور کہا کہ غیرقانونی ہائوسنگ کالونیوں، تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف مستقل بنیادوں پر آپریشن جاری ہے ۔ انہوں نے ایف ڈی اے کے ذرائع آمدن، بجٹ کی تفصیلات اور ترقیاتی سرگرمیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ ایف ڈی اے سٹی میں بجلی کی فراہمی کیلئے اٹھارہ میں سے تیرہ فیڈر فنکشنل ہوچکے ہیں جبکہ وہاں اسٹیٹ آف دی آرٹ سپورٹس کمپلیکس کا منصوبہ مکمل کرنے کے علاوہ سنٹرل پبلک پارک کے ڈویلپمنٹ اور ڈویژنل پبلک سکول کے کیمپس کے قیام کے لئے جدید بلڈنگ بھی زیر تعمیر ہے۔انہوں نے مستقبل کیلئے مجوزہ ترقیاتی منصوبوں اور بعض مسائل کے بارے میں بھی بتایا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں