یتیم و بے سہارا بچوں کی کفالت کرنیوالے ادارے وقت کی ضرورت ہیں،ڈاکٹر نجمہ افضل

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)الھدی سویٹ ہوم فیصل آباد کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ایک شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مسلم لیگ (ن)سٹی شعبہ خواتین کی صدر اور سابقہ ایم پی اے ڈاکٹر نجمہ افضل خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ یہ تقریب این این آئی ویلفیئر فائونڈیشن کے زیر اہتمام الھدی سکول اینڈ کالج میں منعقد ہوئی۔تقریب کا آغاز سیکرٹری جنرل محمد اسلم انصاری کی جانب سے الھدی سویٹ ہوم کے اغراض و مقاصد اور این این آئی فائونڈیشن کے دیگر فلاحی منصوبوں کی تفصیلات پیش کرنے سے ہوا۔ انہوں نے انسانیت کی خدمت کی اہمیت پر زور دیا اور یتیم و بے سہارا بچوں کی کفالت کو ایک عظیم مشن قرار دیا۔مہمان خصوصی ڈاکٹر نجمہ افضل خان نے اپنی دست مبارک سے سالگرہ کا کیک کاٹا اور سویٹ ہوم کے سب سے چھوٹے بچے کو کیک کھلایا۔ انہوں نے الھدی سویٹ ہوم کی فلاحی خدمات کو سراہتے ہوئے اسے وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ ڈاکٹر نجمہ افضل خان نے ادارے میں فراہم کی جانے والی رہائش، خوراک، تعلیم اور طبی سہولیات کو معیاری اور تسلی بخش قرار دیا اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔تقریب میں سویٹ ہوم کے بچوں نے رنگارنگ اور دلکش پروگرام پیش کیے، جنہیں حاضرین نے بے حد پسند کیا- تقریب کے اختتام پر صدر این این آئی ویلفیئر فائونڈیشن، ڈاکٹر محمد نوید اقبال نے الھدی سویٹ ہوم کی مزید ترقی اور یتیم بچوں کی کفالت کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے مہمان خصوصی، الھدی سویٹ ہوم کی ٹیم اور تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور فلاحی سرگرمیوں کو مزید مثر بنانے کے لیے آئندہ کے منصوبوں کا اعلان کیا۔یہ تقریب نہ صرف بچوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیرنے کا ذریعہ بنی بلکہ معاشرے میں فلاح و بہبود کے جذبے کو مزید تقویت دینے کا سبب بھی بنی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں