عدالتی احکامات کی عدم تعمیل،فیسکو کے تین افسران کو قید اور جائیداد کی ضبطگی کی سزا سنا دی گئی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سیشن کورٹ نے عدالتی احکامات کی تعمیل نہ کرنے پر فیسکو کے تین افسران کو قید کے ساتھ ساتھ جائیدادضبطگی کی سزا کا حکم سنادیا ہے جبکہ ایس ایچ او سول لائن انسپکٹر عتیق شاہ کو فیسکو افسران کو گرفتار کرکے جیل بھجوانے کا حکم دیا ہے جبکہ کمشنر فیصل آباد ڈویژن کو احکامات جاری کیے گئے ہیں کہ انکی فیسکو افسران کی جائیداد کو ضبط کرکے عدالت میں رپورٹ پیش کی جائے۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اعجاز پرویز کی عدالت میں شہری قاسم کی طرف سے رٹ پٹیشن دائرکرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ انتظامیہ کی طرف سے غیر قانونی طور پر اسکا میٹر اتار لیاگیاہے جبکہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے رٹ پٹیشن کی سماعت کرتے ہوئے ایکسئین ایگزیکٹو انجینئر فیسکو پیپلز کالونی فہیم شاہ’ ایس ڈی او بٹالہ کالونی میاں عمیر اور لائن سپرنٹنڈنٹ محمد فاروق کو متعدد بار عدالت میں پیش ہونے کے احکامات جاری کیے گئے لیکن تینوں افسران عدالت میں پیش نہیں ہوئے جس کے بعد ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اعجاز پرویز نے تینوں فیسکو افسران کو تین تین ماہ قید کے ساتھ انکی جائیداد ضبط کرنیکا حکم سنادیا ہے۔ فاضل عدالت کی طرف سے ایس ایچ او سول لائن کو احکامات جاری کیے گئے ہیں کہ وہ تینوں افسران کو گرفتار کرکے جیل میں بھجوائیں گے اسکے ساتھ ساتھ کمشنر فیصل آباد ڈویژن کو تحریر کیاگیا ہے کہ وہ ان فیسکو افسران کی جائیداد کو ضبط کرتے ہوئے اسکی رپورٹ تین روز میں عدالت میں پیش کریں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں