پتنگ بازی کی روک تھام کیلئے سخت اقدامات

لاہور (بیوروچیف) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پتنگ بازی ممانعت ترمیمی بل کی روشنی میں پنجاب پولیس انسداد پتنگ بازی ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد کروانے میں مصروف عمل ہے۔ تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ رواں سال صوبہ بھر میں انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 1757 ملزمان گرفتار اور 1717 مقدمات درج کئے گئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 04 لاکھ 15 ہزار 516 پتنگیں، 13 ہزار 643 چرخیاں برآمد اور 1344 کیسز کے چالان جمع کروائے گئے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں 451 ملزمان گرفتار، 453 مقدمات درج، 19244 پتنگیں اور 700 ڈور چرخیاں برآمد کی گئیں۔ گذشتہ سال لاہور سمیت صوبہ بھر میں 12525 ملزمان گرفتار اور 11866 مقدمات درج کیے گئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پتنگ بازی ممانعت ترمیمی بل کے قانون پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔ آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز پتنگ بازوں، پتنگ فروشوں اور مینوفیکچررز کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی لائیں۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ جان لیوا سرگرمی کی ہرگز اجازت نہیں، خونی دھندے میں ملوث افراد کے خلاف زیرو ٹالرنس اپنائیں۔ دھاتی ڈور اور پتنگوں کے آن لائن کاروبار میں ملوث عناصر کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ والدین اپنے بچوں کو اس خونی کھیل سے دور رکھیں جبکہ شہری کسی بھی مقام پر پتنگ بازی کی صورت میں 15 پر اطلاع دے کر ذمہ داری کا ثبوت دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں