فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب نگہبان رمضان پیکج کے تحت ضلع فیصل آباد کے 2,33,579 مستحق’ غریب افراد مستفید ہونگے۔ فیصل آباد تحصیل سٹی میں 91399′ تحصیل صدر میں 46590′ تحصیل جڑانوالہ سے 44434′ تحصیل تاندلیانوالہ میں 19779′ تحصیل سمندری میں 18444 اور تحصیل چک جھمرہ میں 12933 غریب اور مستحق افراد کی فہرستیں ضلعی انتظامیہ کو مل گئیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی طرف سے نگہبان رمضان پیکج کے تحت مذکورہ مستحقین کو 10ہزار روپے کا پے آرڈر دیا جا رہا ہے جس کیلئے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے یونین کونسل کی سطح پر مذکورہ رقوم کی تقسیم کے لیے سیکرٹریز یونین کونسلز کی ڈیوٹیاں لگا دیں۔ سیکرٹری یونین کونسلز کو کہا گیا ہے کہ وہ پے آرڈر فوری طور پر مذکورہ غریب اور مستحق افراد کے گھروں میں پہنچائیں اور روزانہ کی بنیاد پر پے آرڈر کی تقسیم کا ڈیٹا پی آئی ٹی بی پورٹل پر اپ لوڈ کرینگے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ بعض یونین کونسلز میں صرف ایک ایک مستحق افراد کو نگہبان رمضان پیکج کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔




