سرکاری زمینوں پر قبضہ کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) حکومت پنجاب نے فیصل آباد سمیت پنجاب بھر میں سرکاری زرعی زمینوں پر ناجائز قابضین کے خلاف کارروائی کرنے کافیصلہ کرلیا، فیصل آباد زرعی یونیورسٹی سمیت دیگر اداروں سے زرعی زمینوں کا ریکاڈراور رپورٹ طلب کرلی گئی،سرکاری زمینوں پر قائم غیر قانونی تجاوزات کے گرانے اور زمین ناجائزقبضہ سے واگزار کرانے کے لیے پنجاب بھرکے ڈپٹی کمشنرز سے مددلی جائے گئی تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی۔ صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت گذشتہ روز ایگریکلچر ہاس لمیں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق سرکاری زمینوں پر ناجائز قابضین کے خلاف بھرپور مہم اور وزیر اعلی کے زرعی شعبہ کی ترقی کیلئے منصوبوں بارے پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ محکمہ زراعت پنجاب اپنی ملکیت زمینوں پر ناجائز قابضین کے خلاف بھرپور مہم اور اقدامات اٹھا رہا ہے اور اس سلسلے میں زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ سرکاری زمینوں پر غیر قانونی تجاوزات کے گرانے کے حوالے سے کسی قسم کا سیاسی اثرورسوخ بھی خاطر میں لایا جائے گا۔اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت نے سیڈ کارپوریشن،زرعی یونیورسٹی فیصل آباد،ملتان و راوالپنڈی،ریسرچ انسٹیٹیوٹ،پیسٹ وارننگ اور محکمہ زراعت پنجاب(توسیع) کو ان کی زمینوں پر ناجائز قبضہ کی مکمل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت جاری کی۔انھوں نے کہا کہ پرائیویٹ قابضین کے پاس اس بات کا کوئی جواز نہیں ہے کہ وہ سرکاری رقبے پر اپنا ناجائز قبضہ برقرار رکھیں۔ سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے مزید کہا کہ محکمہ ایگریکلچر پنجاب کی زمینوں پر ناجائزقبضہ واگزار کرانے کے لیے ڈپٹی کمشنر کی مدد و معاونت حاصل کی جائے تاکہ یہ کام جلد از جلد مکمل ہو سکے،اجلاس میں اسپشل سیکرٹری زراعت آغا نبیل اختر، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت(ٹاسک فورس)شبیر احمد خان،ڈائریکٹر جنرلز زراعت چوہدری عبدالحمید، نوید عصمت کاہلوں، رانا تجمل،ساجد، عبدالقیوم اور عامر رسول سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ جبکہ وائس چانسلرز زرعی یونیورسٹی فیصل آباد، ملتان اور روالپنڈی نے آن لائن شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں