فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں میں غیر قانونی کمرشلائزیشن کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے اس سلسلے میں کارروائی کرتے ہوئے ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے مدینہ ٹائون اور کچی بستیاں عیسایاں میں 37جائیدادوں کو سر بمہر کر دیا اور مالکان کے خلاف چالان سپیشل جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت کو بھجوا دئیے۔ تفصیلات کے مطابق ایف ڈی اے کے متعلقہ شعبہ کی طرف سے مذکورہ جائیدادوں کے مالکان کو بار بار نوٹسز جاری کئے گئے کہ وہ رہائشی جائیدادوں کو کاروباری میں تبدیل کرنے کے لئے کمرشلائزیش پالیسی کی پابندی اور باقاعدہ منظوری حاصل کر کے طے شدہ واجبات ادا کریں لیکن تعمیل کی بجائے قانون شکنی جاری رہی جس پر جائیدادوں کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اسما محسن کی زیر نگرانی اسٹیٹ آفیسر فرحان صدیق کی سربراہی میں بلڈنگ و انفورسمنٹ انسپکٹرز اسلم انصاری، رضوان بٹ، محمد شفیق اور دیگر سٹاف پر مشتمل ایف ڈی کی ٹیم نے مدینہ ٹائون کے مختلف بلاکس میں ایس ایس آر روڈ، ایف ایس آر اور آر ایس آر روڈ پر 16پلاٹس اور ماڈل ٹائون کے قریب کچی بستی عیسایاں میں 21دکانوں کو سر بمہر کر دیا اور مالکان کے خلاف چالان سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھجوا دیئے۔ ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے خبردار کیا گیا ہے کہ غیر قانونی کمرشلائزیشن سے اجتناب کیا جائے اور رہائشی جائیدادوں کو کاروباری میں تبدیل کرنے کے لئے متعلقہ قوانین اور مجوزہ پالیسی کے تحت باقاعدہ منظوری حاصل کریں بصورت دیگر قانونی کارروائی اور بھاری جرمانوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔




