فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)واقعہ کربلا صبر،ایثار،قربانیوں اور اہل بیت کے اتحادکی عظیم مثال ہے۔نظام شریعت کا تحفظ شہدائے کربلا کی قربانیوں کا بنیادی مقصد تھا۔حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ نے اسلام کے تحفظ کے لئے سب کچھ راہ خدا میں قربان کردیا۔ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے مرکزی کوارڈینیٹر (پولیٹیکل ونگ) وممبر ضلعی امن کمیٹی پروفیسر پیر میاں محمد آصف رضا قادری نے جامع مسجد سراجیہ رضویہ میں منعقدہ ”محفل ذکر شہدائے کربلا” کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اہلبیت اطہار رضی اللہ عنھم کا کردار کل انسانیت کے لئے بہترین دستور حیات کی حیثیت رکھتا ہے۔ہر مسلمان اپنے اوپر اسلام کو نافذ کرکے شہدائے کربلا کی قربانیوں کو عملی خراج تحسین پیش کرے۔اہلبیت اطہار رضی اللہ عنھم کی سیرت معاشرے کے ہر فرد کے لیے عملی نمونہ ہے۔ اسلام اور پاکستان کے تحفظ کیلئے ہمیں حسینی کردار کو رول ماڈل بنانا ہوگا۔کربلا کے جانثاروں کی لازوال قربانیاں حکمرانوں سے لے کر عام آدمی تک کے لیے مشعل راہ ہیں۔کربلا کی زمین پر حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ نے اپنا خون گرا کر حق وباطل کے درمیان قیامت تک کے لیے لکیرکھینچ دی۔حسینیت کا اصل فلسفہ نیکی کی تبلیغ کرنا اور برائی سے روکنے کے لیے یزیدیت کے سامنے ڈٹ جانا ہے۔ سیدنا حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی شہادت نے امت مسلمہ کے ایمان کو تاقیامت تازگی بخش دی۔امت مسلمہ کی سلامتی و بقا صحابہ و اہلبیت کی تعلیمات کی پیروی سے وابستہ ہے۔اس موقع پر مولانا ظہور احمد چشتی، مولانا زاہد معینی،مولانا فیاض احمد، میاں محمد لقمان، احمد علی بابر،حافظ احسان الہی و دیگر بھی شریک تھے۔محفل پا ک اختتام پر ملکی ترقی سلامتی، استحکام اور محرم الحرام میں قیام امن کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔




