اسلام نگر و ملحقہ علاقوں میں گرینڈ آپریشن،پختہ تجاوزات مسمار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن’ کمشنر فیصل آباد مریم خان’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی ہدایت پر ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد حافظہ عظمت فردوس کی زیرنگرانی تجاوزات کیخلاف اسلام نگر’ شعیب بلال مارکیٹ اور ملحقہ علاقوں میں گرینڈ آپریشن کیا گیا۔ ہیوی مشینری کیساتھ دکانوں’ گھروں کے باہر کی جانے والی پختہ تجاوزات کو مسمار کر دیا گیا، تجاوزات کے خاتمہ سے سڑکیں’ گلیاں کشادہ ہو گئیں۔ تفصیل کے مطابق حکومت پنجاب کی ہدایت پر فیصل آباد کے حسن کو بحال کرنے کیلئے بلاامتیاز شہر بھر میں تجاوزات کرنے والوں کیخلاف آپریشن کیا جا رہا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر شہر کے مختلف علاقوں’ مارکیٹوں’ گلی’ محلوں سے شہریوں کی طرف سے کی جانے والی پختہ تجاوزات’ گیراج’ لان’ تھڑے اور باتھ روم وغیرہ کو ختم کر دیا گیا۔ ڈپٹی چیف آفیسر حافظہ عظمت فردوس نے اپنی نگرانی میں انسداد انکروچمنٹ عملہ کے ہمراہ سرگودھا روڈ پر واقع اسلام نگر’ شعیب بلال مارکیٹ اور ملحقہ مارکیٹوں میں آپریشن کیا گیا جہاں پر بعض شہریوں نے گھروں کے باہر سرکاری جگہ پر چار دیواری کر کے ناجائز قبضہ کر رکھا تھا، جس پر میونسپل کارپوریشن نے اینٹی انکروچمنٹ عملہ نے بھاری مشینری کے ہمراہ آپریشن کرتے ہوئے پختہ’ عارضی تجاوزات کو مسمار کر دیا اور شعیب بلال مارکیٹ میں دکانوں کے باہر تھڑے بناتے ہوئے سامان رکھا ہوا تھا، وہاں سے بھی پختہ وعارضی تجاوزات کو ختم کر دیا گیا۔ ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد عظمت فردوس کا کہنا تھا کہ بازاروں’ مارکیٹوں’ گھروں کے باہر تجاوزات کرنے والے ازخود تجاوزات کو ختم کر دیں جب ہیوی مشینری کیساتھ آپریشن کیا گیا تو ان کا زیادہ نقصان ہو سکتا ہے اور تاجروں’ دکانداروں کو چاہیے کہ وہ دکانوں کے باہر فٹ پاتھ کو لوگوں کے گزرنے کیلئے خالی رکھیں اور دکانوں کے باہر سامان وغیرہ ہرگز نہ رکھیں ورنہ ان کا مال کارسرکار ضبط بھی کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جن جن علاقوں میں آپریشن ہو چکا ہے وہاں اگر کسی نے دوبارہ تجاوزات کرنے کی کوشش کی تو ان کی دکان’ پراپرٹی کو سیل کرنے کے ساتھ ساتھ بھاری جرمانہ بھی کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں