گرانفروش بے قابو،کھجور کی قیمت میں4سے 8روپے فی من اضافہ

جڑانوالہ(صابر گھمن سے) رمضان المبارک میں کھجور کی بڑھتی ہوئی مانگ کے پیش نظر دکانداروں نے خود ساختہ طور پر ریٹ بڑھا کر قیمت میں4ہزار سے8ہزار روپے فی من اضافہ کر دیا۔ مارکیٹ میں مہنگے داموں فروخت ہونیوالی غیر معیاری کھجور میں مبینہ طور پر سنڈیاں نکلنے کا بھی انکشاف،شہریوں کا حکام بالا سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کے مقدس مہینے کا آغاز ہوتے ہی ایک طرف منافع خور پھلوں سبزیوں،چینی دالوں اور گوشت کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کر دیتے ہیں تو دوسری جانب کھجور کے کاروبار سے منسلک افراد نے بھی شہریوں کی جیبوں پر ہاتھ صاف کرنے کیلئے لنگوٹ کس رکھے ہیں رمضان المبارک میں افطاری کے وقت میں کھجور کے استعمال میں اضافہ کے پیش نظر دکانداروں نے خود ساختہ مہنگائی کا بہانہ بنا کر اوپن مارکیٹ میں کھجور کی قیمت میں 4ہزار سے 8ہزار روپے فی من کا اضافہ کر دیا ہے رمضان المبارک سے قبل 350سے 400روپے تک فی کلو فروخت ہونیوالی کھجور 450سے 500روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے جبکہ رمضان المبارک سے قبل 550سے 600روپے فی کلو فروخت ہونیوالی کھجور 600سے 700روپے فی کلو اور عام دنوں میں 700سے 750روپے فی کلو سے فروخت ہونیوالی کھجور رمضان المبارک میں 700سے 800روپے فی کلو تک فروخت تک جا پہنچی ہے اور 800سو روپے فی کلو میں فروخت ہونیوالی کھجور کی قیمت میں 200روپے فی کلو تک اضافہ کر دیا گیا ہے جو اب 1ہزار روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بازاروں اور اوپن مارکیٹ میں مہنگے داموں فروخت ہونیوالی کھجور مبینہ طور غیر معیاری ہے جبکہ افطار کے وقت استعمال ہونیوالی کھجور میں سے مبینہ طور پر اکثر کھجوروں سے سنڈیاں بھی نکلتی ہے جو انتہائی تکلیف دہ امر ہے۔ شہریوں کا مزید کہنا ہے کہ ضلعی و تحصیل انتظامیہ کی تمام تر توجہ پھلوں سبزیوں گوشت چینی چائے اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو چیک کرنے تک محدود ہو چکی ہیں مگر پرائس کنٹرول مجسٹریٹ پر مشتمل ٹیموں نے کبھی بھی اوپن مارکیٹ میں مہنگے داموں فروخت ہونیوالی مبینہ طور پر غیر معیاری کھجوروں کی کوالٹی اور معیار چیک کرنے کی زحمت تک گوارہ نہیں کی ہے جبکہ دکانداروں نے خود ساختہ مہنگائی کو جواز بنا کر کھجور کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کر رکھا ہے۔ شہریوں نے کمشنر،ڈپٹی کمشنر فیصل آباد اور اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ رنگزیب سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ اوپن مارکیٹ اور بازاروں میں مہنگے داموں فروخت ہونیوالی مبینہ طور پر غیر معیاری کھجوروں کی کوالٹی معیار و قیمتوں کو چیک کیا جائے اور خود ساختہ اضافہ کے مرتکب دکانداروں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں