عوامی شکایات کا حل’ صوبائی محتسب موثر ادارہ قرار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) دفتر صوبائی محتسب کے دفتری امور اور شکایات کے ازالے کے طریقہ کار سے آگاہی کے لئے گورنمنٹ میونسپل ڈگری کالج فیصل آباد میں ایک آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس سیمینار میں کالج کے پرنسپل،اساتذہ اور طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ایڈوائزرز صوبائی محتسب ڈاکٹر طارق سردار اور سید مبشر حسین شاہ نے دفتر صوبائی محتسب کے شفاف وموثر احتسابی نظام پر تفصیلی روشنی ڈالی۔انہوں نے شکایات درج کرانے کے قانونی طریقہ کار اور ان کے ازالے کے عمل کی وضاحت کی۔ مقررین نے بتایا کہ دفتر محتسب پنجاب عوامی شکایات کے ازالے کے لئے ایک موثر پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے، جہاں نہ کسی وکیل کی ضرورت ہوتی ہے اور نہ ہی کسی فیس کی۔ سیمینار کے دوران شرکا کو شکایات درج کرانے کے مکمل طریقہ کار سے آگاہ کیا گیااور آگاہی کے فروغ کے لئے معلوماتی بروشرز تقسیم کئے گئے۔اس موقع پر طلبہ و طالبات سے گزارش کی گئی کہ وہ دفتر صوبائی محتسب کے اس پیغام کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچائیں تاکہ عوام کو اپنے حقوق کے تحفظ اور فوری انصاف کے حصول سے متعلق آگاہی حاصل ہو۔اختتام پر کالج کے پرنسپل نے ایڈوائزر صوبائی محتسب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس مفید اور معلوماتی سیمینار کے انعقاد کو طلبہ و طالبات کے لئے نہایت سودمند قرار دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں