ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت2افراد لقمہ اجل بن گئے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت دو افراد لقمہ اجل بن گئے، حادثات کے مرتکب ڈرائیور موقع سے فرار ہو گئے، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیں’ مکوآنہ ٹول پلازہ کے قریب سرگودھا کا رہائشی علی رضا بس کے انتظار میں کھڑا تھا کہ اس دوران فیصل آباد کی طرف سے آنیوالے ٹریکٹر ٹرالی نے سڑک کنارے کھڑے نوجوان کو کچل دیا، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، جبکہ تھانہ ملت ٹائون کے علاقہ جھمرہ روڈ پر چیئرمین سٹاپ کے قریب ناصر امین کی اہلیہ سڑک عبور کر رہی تھی کہ اس دوران تیز رفتار ٹرالر کی ٹکر لگنے سے بری طرح زخمی ہو گئی جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ زندگی کی بازی ہار گئی، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر ورثاء کے حوالے کرتے ہوئے حادثات کے مرتکب ڈرائیورز کی تلاش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں