نوشکی میں دھماکے کی مذمت

اسلام آباد(بیورو چیف)صدر مملکت آصف علی زرداری’وزیراعظم شہبازشریف اور چیئرمین سینٹ سید یوسف رضاگیلانی نے نوشکی میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانی نقصان پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار اورجاں بحق افراد کیلئے بلندی درجات، لواحقین کیلئے صبر جمیل اوردھماکے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعاکی ہے۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بلوچستان کے ضلع نوشکی میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے واقعے میں شہید ہونے والے ایف سی اہلکاروں اور معصوم شہریوں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کی بزدلانہ کارروائیاں پاکستان میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی ناکام کوشش ہیں، لیکن قوم اور سیکیورٹی فورسز کے حوصلے بلند ہیں اور ایسے مذموم عزائم کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے حملے کے خلاف بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے ریاست ہر ممکن اقدام کرے گی۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور واقعے میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور ریاستی ادارے دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں اور اس جنگ کو آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں