عابد شیر علی کا اچانک FICکا دورہ،مثالی انتظامات کی تعریف

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سابق وزیر مملکت ومانیٹرنگ انچارج چوہدری عابد شیر علی کا فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا سرپرائز وزٹ’ اطلاع ملتے ہی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ایف آئی سی ڈاکٹر عامر نوید اور دیگر ڈاکٹرز بھی موقع پر پہنچ گئے، چوہدری عابد شیر علی نے ایمرجنسی وارڈ سمیت دیگر وارڈز میں مریضوں کی عیادت کیاور علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ تفصیل کے مطابق سابق وزیر مملکت پانی وبجلی اور مانیٹرنگ انچارج فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی چوہدری عابد شیر علی گزشتہ روز اچانک ایف آئی سی پہنچ گئے، جس کی اطلاع ملتے ہی ہسپتال انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عامر نوید اور دیگر بھی موقع پر پہنچ گئے۔ چوہدری عابد شیر علی نے ایمرجنسی وارڈ میں مریضوں کی عیادت کرتے ہوئے علاج معالجہ اور ادویات کی فراہمی بارے دریافت کیا۔ تاہم مریضوں کی طرف سے علاج معالجہ’ بروقت ٹیسٹوں اور ادویات کی فراہمی کی تعریف کی۔ بعدازاں انہوں نے دیگر وارڈز میں جا کر دل کے عارضہ میں مبتلا مریضوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر ایم ایس ایف آئی سی ڈاکٹر عامر نوید نے علاج معالجہ اور ادویات کی فراہمی بارے بریفنگ دی۔ جس پر مانیٹرنگ انچارج فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی چوہدری عابد شیر علی نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عامر نوید کے چارج سنبھالنے کے بعد دل کے مرض میں مبتلا مریضوں کے علاج معالجہ میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی’ دل کے مریضوں کو ادویات کی فراہمی ان کی دہلیز پر پہنچانا اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایس ڈاکٹر عامر نوید نے ادویات مریضوں کے گھروں تک پہنچانے کیلئے جو اقدامات کئے ہیں وہ قابل ستائش ہیں۔ چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ ہسپتال میں آنے والے مریضوں کی دیکھ بھال’ علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں