دیور نے بھابھی کو مار ڈالا،مخالفین کے ہاتھوں3افراد قتل

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) مختلف واقعات میں مخالفین کی فائرنگ سے 3نوجوان اور دیور نے بھابھی کو موت کے گھاٹ اتار دیا، جبکہ گولیاں لگنے سے 6خواتین سمیت چار شہری بری طرح زخمی ہو گئے ، پولیس نے نعش قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کرتے ہوئے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔ تفصیل کے مطابق تھانہ صدر کے علاقہ 209ر ب میں عداوت کی بنا پر مخالفین نے فائرنگ کر کے مخالف فیضان عرف بھولا کو موت کے گھاٹ اتاد دیا جبکہ تھانہ صدر کے علاقہ بسم اللہ گارڈن پنجتنی ٹائون میں معمولی جھگڑے پر مسلح افراد نے فائرنگ کر کے مخالف بلال اور خاتون خالدہ بی بی کو بری طرح زخمی کردیا۔جنہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ بلال زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا۔ جبکہ تھانہ ستیانہ کے علاقہ 76گ ب کا رہائشی انیس موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ جب وہ مسلم کمرشل بنک کے قریب پہنچا تو اس کا تعاقب میں آنیوالے نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے گولیاں مار کر انیس کو موت کے گھاٹ اتار دیا’ حملہ آور ہوائی فائرنگ اور دھکمیاں دیتے ہوئے فرار ہو گئے۔ تھانہ مرید والا کے علاقہ 486گ ب میں گھریلو جھگڑے پر دیور عدنان نے فائرنگ کر کے بھابھی عروج بی بی کو قتل کر دیا، ملزمان ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔ علاوہ ازیں فائرنگ کے دیگر واقعات میں ڈھڈی والا میں ملز م شہباز پسٹل چیک کر رہا تھا کہ اچانک گولی چل جانے سے سامنے بیٹھے راحیل کو گولی لگنے سے بری طرح زخمی ہو گیا۔ جبکہ ملزمان کی طرف سے کی جانے والی فائرنگ کے دوران گولی لگنے سے ثمینہ بی بی زخمی ہو گئی،ستیانہ کے علاقہ 28 گ ب میں مخالفین کی فائرنگ سے 28سالہ عامر کاشف گولی لگنے سے بری طرح زخمی ہو گیا۔ زخمیوں کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں