میونسپل کمیٹی جڑانوالہ پر فیسکو کا بل ادا نہ کرنا بھاری پڑ گیا

جڑانوالہ(نامہ نگار) دفاتر کی تزئین و آرا ئش پر لاکھوں روپے خرچ کرنیوالے عوام کے مسائل سے بے خبر میونسپل کمیٹی افسران پر فیسکو کا 70ہزار روپے کا بقایا بل ادا نہ کرنا بھاری پڑ گیا،4 ماہ کے بل کی عدم ادائیگی پر میٹر و بجلی کنکشن بحال نہ ہونے پر اسلام پورہ کے ہزاروں مکین پینے کے صاف و میٹھے پانی کی فراہمی سے محروم’ مکینوں کا وزیر اعلی پنجاب،کمشنر، ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سے از خود نوٹس لیکر صاف پانی کی فراہمی کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی جڑانوالہ کو پنجاب حکومت و لوکل گورنمنٹ کی جانب سے عوامی منصوبہ جات کی مد میں سالانہ کروڑوں روپے کے فنڈز فراہم کئے جاتے ہیں تاکہ عوام کا معیار زندگی بہترین ہو سکے اور شہریوں کو تعلیم صحت صاف پانی آلودگی سے پاک ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے لیکن میونسپل کمیٹی افسران سالانہ کروڑوں روپے کے فنڈز کی فراہمی کے باوجود عوام الناس کو درپیش مسائل کو حل کروانے کی بجائے مبینہ طور پر اپنے ذاتی دفاتر کی تزئین و آرائش میں مصروف دکھائی دیتے ہیں میونسپل کمیٹی افسران نے مبینہ طور پر اپنے دفاتر میں نئے اے سی کی تنصیب تزئین و آرائش اور نئے فرنیچر کی مد میں لاکھوں روپے کا بجٹ لگا دیا ہے لیکن اسکے برعکس اسلام پورہ واٹر فلٹریشن پلانٹ کا 4ماہ کا تقریباً 70ہزار روپے کا بقایا افسران پر بھاری پڑ چکا ہے بل کی عدم ادائیگی پر فیسکو نے بجلی کا میٹر اتار کر کنکشن کاٹ دیا ہے جس پر اسلام پورہ واٹر فلٹریشن پلانٹ کی بندش کے باعث ہزاروں افراد قیامت خیز گرمی میں پینے کے صاف و میٹھے پانی کی بنیادی سہولت سے محروم ہیں۔ عوامی سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ میونسپل کمیٹی دفاتر کی تزئین وآرائش پر لاکھوں روپے کا بجٹ لگانے والے ٹھنڈے کمروں میں بیٹھ کر سب اچھا کی رپورٹ پیش کرنے والے افسران کو عوام الناس کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے جبکہ 4ماہ سے 70ہزار روپے کے بل کی عدم ادائیگی پر واٹر فلٹریشن پلانٹ کی بندش افسران کی مبینہ چشم پوشی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ عوامی سماجی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف،کمشنر،ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ واٹر فلٹریشن پلانٹ کے بقایا بل کی ادائیگی یقینی بنا کر پینے کے صاف و میٹھے پانی کی فراہمی کی جائے تاکہ اسلام پورہ کے ہزاروں مکین حقیقی معنوں میں پانی کی بنیادی سہولت سے مستفید ہو سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں