ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر جاری گرینڈ صفائی آپریشن کے تحت صوبائی وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے گوجرہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے شہری و دیہی علاقوں میں صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا اور صفائی عملے کی کارکردگی کو سراہا۔دورہ گوجرہ کے دوران وزیر بلدیات نے فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے زیرانتظام صفائی آپریشن، آلائشوں کی فوری تلفی، اسپرے، عرقِ گلاب اور چونے کے چھڑکا کا معائنہ کیا۔ انہوں نے گلیوں، بازاروں، کلیکشن پوائنٹس اور قربان گاہوں کی صفائی کو مثالی قرار دیا۔بعد ازاں وہ ٹوبہ ٹیک سنگھ پہنچے جہاں انہوں نے چک نمبر 321 سیوال اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا۔ صفائی انتظامات کے ساتھ ساتھ انہوں نے مرکزی کنٹرول روم میں آپریشن کی مانیٹرنگ کی اور موقع پر ہی عوامی شکایات کے فوری ازالے کی ہدایت دی۔




