کمالیہ (نامہ نگار)اسسٹنٹ کمشنر و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی اقرا ناصر نے چیف آفیسر علی رضا کے ہمراہ شہر کے مختلف بس اسٹاپس کا اچانک معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران انہوں نے مسافروں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے سخت اقدامات کی ہدایت جاری کیں۔اس موقع پر اقرا ناصر نے ٹریفک پولیس کو سختی سے ہدایت کی کہ جو بسیں اوورلوڈ ہوں یا جن کی چھتوں پر سواریاں موجود ہوں، ان کے خلاف فوری طور پر ایف آئی آر کا اندراج کیا جائے اور بسوں کو بند کردیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جانوں کے تحفظ کے لیے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔اسسٹنٹ کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ شہر میں مقررہ اسپیڈ لمٹ پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور شام سے قبل ہیوی ٹریفک کے شہر میں داخلے پر مکمل پابندی عائد کی جائے تاکہ بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات پر قابو پایا جا سکے ۔انہوں نے ٹرانسپورٹرز اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔




