چھوٹے تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) حکمران عوام کو ٹیکسوں کے بوجھ تلے دفن کررہے ہیں’ اپنی مراعات اور عیاشیاں ترک کرنے کو تیار نہیں’رات کے اندھیرے میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمت پندرہ دنوں میں دوسری دفعہ اضافہ ظلم ہے’ ان خیالات کا اظہار فیصل آباد الیکٹرونکس انسٹالمنٹ ایسوسی ایشن کے اجلاس سے سرپرست اعلیٰ چوہدری محمود احمد’ صدر حاجی مرزا عبداللہ ‘ جنرل سیکرٹری چوہدری شکور گجر و دیگر مقررین نے کیا’ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار اضافہ کر کے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں’ فیصل آباد الیکٹرونکس انسٹالمنٹ ایسوسی ایشن پٹرولیم مصنوعات میں حالیہ اضافے کو مسترد کرتی ہے اور حکومت کے اس اقدام کی شدید مذمت کرتی ہے’ حکومت پہلے ہی بجٹ میں انکم ٹیکس’ جنرل سیلز ٹیکس’ کیپیٹل ویلیو ٹیکس’ سنٹرل سیلز ٹیکس’ سروس ٹیکس’ فیول ایڈجسٹمنٹ ٹیکس’ پیٹرول لیوی ٹیکس’ ایکس ڈیوٹی’ کسٹمز ڈیوٹی کے علاوہ ہوشربا ٹیکس عائد کر چکی ہے مگر ابھی بھی اس کا من نہیں بھرا اور غریب عوام کو کچومر نکالنے کیلئے پیٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی کر کے عام آدمی سے دو وقت کا نوالہ بھی چھین لینا چاہتی ہے’ انہوں نے کہا کہ سسکتی عوام کا اور کتنا خون نچوڑنا باقی ہے’ مقررین نے کہا کہ آخری سانسیں لیتی ہوئی عوام پر کچھ رحم کھایا جائے اور انہیں شارٹ ٹرم پالیسیاں بنا کر ریلیف پہنچایا جائے تاکہ وہ بھی سکھ کا سانس لے سکیں’ مرزا امجد کمال’ چوہدری اسرار احمد کمبوہ’ سید ناظم حسین شاہ’ میاں عمران’ عامر سجاد’ محمد عمیر شفیق ‘ چوہدری شہریار’ محمد احمد الرحمن’ چوہدری بلال’ ملک ارسلان و دیگر مقررین نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات میں حالیہ اضافے کو واپس لیا جائے اور مہنگائی میں غوطے کھاتی عوام کو مزید مہنگائی کی آگ میں نہ جھونکا جائے’ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چھوٹے تاجروں کے مسائل حل کرنے پر توجہ دینا ہوگی ‘ چھوٹا تاجر خوشحال ہو گا تو ملک ترقی کرے گا ‘ حکومت چھوٹے تاجروں پر ٹیکسوں کا بوجھ کم کرے تاکہ ان کے چہروں پر بھی مسکراہٹ آ سکے’ اگر بے جا ٹیکسوں کا خاتمہ نہ کیا گیا تو تاجر اور حکومتی ادارے آمنے سامنے آ جائیں گے جس کا براہ راست اثر ملکی معیشت پر پڑے گا اور کاروبار مزید زبوں حالی کا شکار ہو گا’انہوں نے کہا کہ حکومت کو ایسی پالیسیوں پر عمل پیرا ہونا انتہائی ضروری ہے جن سے تاجر طبقہ اور عوام کی کو ریلیف ملے اور عوام سکھ کا سانس لیں اور ملک اقتصادی ترقی و استحکام کی راہ پر گامزن ہو سکے’ ایف بی آر کو تاجروں کیساتھ بامقصد مذاکرات کرکے ان کے تحفظات کو دور کرنا ہوں گے تاکہ پاکستان معاشی طور پر استحکام کی طرف گامزن ہو ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں