پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک کے درمیان ایک کھرب سے زائد کے معاہدے

اسلام آباد (بیوروچیف) پاکستان اور اسلا می ترقیاتی بینک کے مابین اسلام آباد میں 603 ملین ڈالر (168,497,918,100روپے) مالیت کے تین قرض معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق معاہدے پر دستخط پاکستان کے وزیر ِاقتصادی امور احد خان چیمہ اور اسلامی ترقیاتی بینک کے نائب صدر ڈاکٹر رامی احمد کے درمیان ملاقات کے بعد کیے گئے۔ معاہدوں پر اسلامی ترقیاتی بینک کے نائب صدر ڈاکٹر رامی احمد اور اقتصادی امور ڈویژن کے سیکرٹری محمد حمیر کریم نے دستخط کیے۔تقریب میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر برائے تخفیف ِغربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ اور دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔اسلامی ترقیاتی بینک ایم-6 سکھر تا حیدرآباد موٹروے منصوبے کے لیے 475ملین ڈالر کی مالی معاونت فراہم کریگا۔ ایم-6 سکھر تا حیدرآباد موٹروے مجوزہ پشاور تا کراچی موٹروے کا اہم حصہ ہے۔پاکستان کا اسلامی ترقیاتی بینک کے ساتھ انتہائی غریب اور سیلاب متاثرہ گھرانوں کو غربت سے نکالنے کا پروگرام شروع کرنے کا بھی معاہدہ ہوا۔ پروگرام کا مقصد انتہائی غریب خاندانوں کو نقد امداد پر انحصار سے نکال کر پائیدار روزگار، معاشی خودمختاری اور مضبوط معاشی بنیاد فراہم کرنا ہے۔منصوبہ ملک کے 25اضلاع میں نافذ کیا جائیگا، 160,866گھرانے مستفید ہو سکیں گے۔ آزاد جموں و کشمیر میں اسکول سے باہر بچوں کے منصوبے کے لیے اسلامی ترقیاتی بینک 10ملین ڈالر فراہم کرے گا جبکہ آزاد جموں و کشمیر میں تقریبا 60,000بچوں کو دوبارہ اسکول داخل کیا جائیگا اور 4,000 اساتذہ کو تربیت دی جائیگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں