ڈھاکہ (سپورٹس نیوز)بنگلہ دیش کے وزیر مملکت برائے امورِ نوجوانان و کھیل امین الحق نے کہا ہے کہ حکومت بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے انتخابی معاملات سے متعلق تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ پر آئندہ لائحہ عمل طے کرنے سے قبل انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو باقاعدہ طور پر آگاہ کرے گی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق امین الحق نے بتایا کہ 5 رکنی تحقیقاتی کمیٹی نے اپنی رپورٹ جمع کرا دی ہے، جس کے فوری بعد ایک بین الوزارتی اجلاس طلب کیا گیا، جس میں رپورٹ کے مندرجات پر تفصیلی غور کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ رپورٹ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو ارسال کرنے کے بعد ہی حکومت اپنی آئندہ حکمت عملی کا اعلان کرے گی، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ رپورٹ کب منظرِ عام پر لائی جائے گی۔ذرائع کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے انتخابات کو شفاف اور منصفانہ بنانے کے لئے متعدد سفارشات پیش کی ہیں۔




