کراچی (شوبز نیوز) شوبز انڈسٹری کی اداکارہ حرا خان نے صبا قمر کی حالیہ سالگرہ کی تقریب پر ڈاکٹر اعجاز وارث کی تنقید پر انہیں کرارا جواب دے دیا۔اداکارہ حرا خان نے انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کی جس نے فوری طور پر لوگوں کی توجہ حاصل کرلی، انہوں نے لکھا کہ دوستو، کوئی ان پھوپھو نما لوگوں سے مائیک چھین لے، فنکاروں کو عوامی ملکیت نہیں سمجھنا چاہیے اور ان کے پیشہ ورانہ کام اور نجی زندگی الگ الگ معاملات ہیں۔انہوں نے کہا کہ فنکاروں کو ان کے ذاتی فیصلوں جیسے لباس، تقریبات، یا طرز زندگی پر اکثر ناحق پرکھا جاتا ہے جبکہ تنقید کرنے والے وہی لوگ ہوتے ہیں جو ان کے فن سے لطف اندوز بھی ہوتے ہیں اور فائدہ بھی اٹھاتے ہیں۔بعدازاں ڈاکٹر وارث نے ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے حرا کی پوسٹ کو مسترد کرتے ہوئے ان کی ترجیحات پر سوال اٹھایا۔انہوں نے دعوی کیا کہ حرا نے ابھی صرف چند پراجیکٹس میں کام کیا ہے اور انہیں دوسروں کا دفاع کرنے کے بجائے اپنے کام پر توجہ دینی چاہیے۔سوشل میڈیا پر اس بحث پر بہت سے مداحوں نے حرا کے اس اقدام کو سراہا اور ان کا ساتھ دیتے ہوئے کہا کہ کسی دوسرے فنکار کے ذاتی انتخاب پر غیر ضروری اخلاقی پولیسنگ بند ہونی چاہیے۔واضح رہے کہ اس تنازع کا آغاز اس وقت ہوا جب ڈاکٹر وارث نے صبا قمر کی سالگرہ کی تقریبات، موسیقی اور لباس کو غیر موزوں قرار دیتے ہوئے اعتراض اٹھایا تھا۔صبا قمر کی یہ تقریب ایک اسٹائلش اور فلمی تھیم پر مبنی شام تھی جس میں قریبی دوستوں اور انڈسٹری کے بڑے ناموں بشمول بلال سعید اور فیشن پرسنلٹی کین ڈول نے شرکت کی ۔




