ڈالر کی بادشاہت کا زوال

فرانس کی جانب سے نیویارک کے تہہ خانوں سے اپنے سونے کے ذخائر نکال کر پیرس منتقل کرنے کا فیصلہ محض ایک تکنیکی اقدام نہیں بلکہ ایک بڑے عالمی معاشی انقلاب کا پیش خیمہ ہے۔ دہائیوں سے امریکہ کا فیڈرل ریزرو بینک دنیا کا سب سے بڑا ”گولڈ والٹ” بنا ہوا ہے، جہاں دنیا کے درجنوں ممالک نے اپنی قومی دولت کا بڑا حصہ محفوظ کر رکھا ہے۔ لیکن 2026کے بدلتے ہوئے جیو پولیٹیکل حالات نے یہ سوال کھڑا کر دیا ہے کہ کیا یہ سونا ان ممالک کی حفاظت کے لیے ہے یا امریکہ کے ہاتھ میں ایک ایسا ہتھیار بن چکا ہے جسے وہ کسی بھی وقت دوسرے ممالک کو بلیک میل کرنے کیلئے استعمال کر سکتا ہے؟تاریخی طور پر سونا نیویارک اس لیے بھیجا گیا تھا کہ اسے جنگوں اور حملوں سے بچایا جا سکے، لیکن آج کی دنیا میں سب سے بڑا خطرہ جسمانی حملہ نہیں بلکہ”مالیاتی ہتھیار” (Financial Weaponization)ہے۔ امریکہ اس وقت دنیا کے مالیاتی نظام کو کنٹرول کرتا ہے، اور اس کنٹرول کی بنیاد پر وہ کسی بھی ملک کے اثاثے منجمد کرنے کی طاقت رکھتا ہے۔ سب سے سنگین پہلو یہ ہے کہ اگر کسی ملک کا سونا امریکہ کی سرزمین پر موجود ہے، تو امریکہ صرف ایک حکم نامے کے ذریعے اس سونے کی واپسی روک سکتا ہے یا اسے ضبط (Seize) کر سکتا ہے۔ یہ ایک ایسی صورتحال ہے جسے ماہرین ”اکنامک ہوسٹیج” (Economic Hostage) یعنی معاشی یرغمالی قرار دیتے ہیں۔ جب سونا امریکہ کے پاس ہوتا ہے، تو وہ ملک اپنی خارجہ پالیسی اور آزادانہ فیصلوں میں دبا کا شکار ہو جاتا ہے، کیونکہ اسے ڈر ہوتا ہے کہ ذرا سی مخالفت پر اس کی زندگی بھر کی جمع پونجی ضبط کر لی جائے گی۔موجودہ اعداد و شمار کے مطابق، امریکہ کے پاس8,133 ٹن سونا ہے جو کہ دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔ جرمنی کے پاس3,350ٹن، اٹلی کے پاس 2,452ٹن اور فرانس کے پاس 2,437ٹن سونا موجود ہے۔ روس اور چین نے حالیہ برسوں میں تیزی سے اپنے ذخائر بڑھا کر بالترتیب 2,330اور 2,306ٹن کر لیے ہیں، اور ان کا سب سے بڑا مقصد ہی یہی ہے کہ وہ اپنے سونے کو اپنی سرزمین پر رکھ کر امریکہ کی”بلیک میلنگ”سے بچ سکیں۔ پاکستان کے پاس بھی تقریبا 64.7ٹن سونا ہے جو کہ مشکل حالات میں معیشت کو سہارا دینے کا واحد ذریعہ ہے۔ اگر دنیا کے ممالک اپنا سونا امریکہ سے نکال کر اپنے گھر واپس لے جاتے ہیں، تو امریکہ کی وہ طاقت ختم ہو جائے گی جس کے ذریعے وہ دوسرے ممالک کی گردن دباتا ہے۔اگر وہ وقت آ جائے جب تمام ممالک اپنا سونا امریکہ سے واپس لے لیں، تو یہ امریکی معیشت اور ڈالر کے لیے ”قیامت” سے کم نہیں ہوگا۔ اس کے نتیجے میں ڈالر کی عالمی حیثیت ختم ہو جائے گی، کیونکہ ڈالر کی اصل طاقت اس کے پیچھے موجود ”اعتبار” اور ”سونے کے ذخائر پر کنٹرول” ہے۔ جب امریکہ کے پاس دوسرے ملکو ں کا سونا نہیں رہے گا، تو وہ انہیں ڈالر استعمال کرنے پر مجبور نہیں کر سکے گا۔ اس سے امریکہ میں افراطِ زر (Inflation)کا وہ طوفان آئے گا جو امریکی تاریخ میں کبھی نہیں دیکھا گیا، اور ڈالر محض ایک عام کاغذ کا ٹکڑا بن کر رہ جائے گا۔سب سے اہم نکتہ یہ ہے کہ کیا دنیا دوبارہ سونے کو اصل کرنسی کے طور پر اپنا کر ڈالر سے پیچھا چھڑا رہی ہے؟ جی ہاں، اس کا امکان اب پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔ ڈالر صرف ایک فیاٹ (Fiat) کرنسی ہے، جبکہ سونا ایک ایسی “حقیقی کرنسی” ہے جس کی اپنی اندرونی قیمت ہے۔ جب امریکہ ڈالر کو بطور سیاسی ہتھیار استعمال کرتا ہے، تو دنیا کا اعتماد ڈالر سے اٹھ کر دوبارہ سونے کی طرف منتقل ہونے لگتا ہے۔ اگر تمام ممالک اپنا سونا واپس لے گئے، تو امریکی ڈالر کی ساکھ بری طرح متاثر ہوگی، جس کے نتیجے میں امریکہ کا وہ غلبہ ختم ہو جائے گا جو اس نے دوسری عالمی جنگ کے بعد سے قائم کر رکھا ہے۔ اب دنیا ایک ایسے موڑ پر کھڑی ہے جہاں سونا صرف ایک دھات نہیں رہا، بلکہ یہ ڈالر کی غلامی سے آزادی کا سب سے بڑا ذریعہ بن کر ابھرا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں