ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب کی کنگ عبداللہ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ماہرین کی ایک ٹیم نے ایک نیا کولنگ سسٹم تیار کیا ہے جو بجلی کے بغیر کام کرتا ہے اور روایتی ایئر کنڈیشننگ نظام پر انحصار کم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے یہ ٹیکنالوجی بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور بجلی کی محدود دستیابی کے تناظر میں تیار کی گئی ہے۔محققین کے مطابق دنیا بھر میں گرمی کی شدت اور ہیٹ ویوز میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ بڑی تعداد میں آبادی کو اب بھی قابلِ اعتماد بجلی تک رسائی حاصل نہیں۔اعداد و شمار کے مطابق دنیا میں 70 کروڑ سے زیادہ افراد بجلی سے محروم ہیں، جس کے باعث کم لاگت اور پائیدار کولنگ سسٹمز کی ضرورت بڑھتی جا رہی ہے۔اس نظام کو (Nescod (No Electricity and Sustainable Cooling on Demand کا نام دیا گیا ہے۔ یہ نظام کمپریسر یا الیکٹرک موٹرز کے بجائے امونیم نائٹریٹ پر انحصار کرتا ہے، جو عام طور پر کھادوں میں استعمال ہونے والا ایک مرکب ہے۔ماہرین کے مطابق جب امونیم نائٹریٹ پانی میں حل ہوتا ہے تو یہ اردگرد سے حرارت جذب کرتا ہے، جسے سائنسی اصطلاح میں اینڈوتھرمک ڈیزولوشن کہا جاتا ہے۔ اسی عمل کے نتیجے میں ٹھنڈک پیدا ہوتی ہے۔محققین کے مطابق لیبارٹری ٹیسٹس میں دیکھا گیا کہ امونیم نائٹریٹ اور پانی کے امتزاج سے درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ سے کم ہو کر صرف 3.6 ڈگری سینٹی گریڈ تک آ گیا، اور یہ عمل 20 منٹ میں مکمل ہوا۔




