حلقہ بندیوں کا مرحلہ مکمل ہوگا تو بلدیاتی انتخابات کروادئیے جائینگے،وزیر بلدیات

لاہور(بیورو چیف)صوبائی وزیر برائے بلدیات ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کے باعث پاکستان کو عالمی سطح پر جو عزت و وقار حاصل ہوا ہے اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی،گزشتہ سال بھارت کے ساتھ کشیدگی کے بعد پاکستان کے عالمی تشخص میں نمایاں بہتری آئی ہے اور اب دنیا پاکستان کو ایک اہم اور باوقار ریاست کے طور پر دیکھ رہی ہے،الیکشن کمیشن کی جانب سے اس وقت حلقہ بندیوں کا عمل جاری ہے اور جیسے ہی یہ مرحلہ مکمل ہوگا بلدیاتی انتخابات کروا دئیے جائیں گے۔ ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا نہ صرف ملکی سطح پر بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی منوایا ہے،خارجہ پالیسی اور سفارت کاری کے میدان میں بھی پاکستان نے موثر کردار ادا کیا ہے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی میں کمی اور ممکنہ مذاکرات کے لیے پاکستان نے اہم سفارتی کردار ادا کیا، جس میں آرمی چیف کا کلیدی کردار رہا،فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس موقع پر ایران کا دورہ بھی کیا جب صورتحال انتہائی حساس تھی۔اس وقت دنیا میں تیسری عالمی جنگ کے خدشات ظاہر کیے جا رہے تھے اور عالمی معیشت کو شدید خطرات لاحق تھے تاہم وزیر اعظم شہباز شریف ، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں دنیا کو تباہی سے بچالیا،پاکستان کی یہ سفارتی کو ششیں اور ثالثی کا کردار عالمی سطح پر یاد رکھا جائیگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں