لاہور(شوبز نیوز)گلوکار علی ظفر اور میشا شفیع کے درمیان طویل عرصے سے جاری قانونی تنازع ایک بار پھر نئے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے، جہاں میشا شفیع نے سیشن کورٹ کے فیصلے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔لاہور ہائیکورٹ میں میشا شفیع کی جانب سے ایڈووکیٹ ثاقب جیلانی نے اپیل دائر کی، جس میں سیشن عدالت کے اس فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے جس کے تحت علی ظفر کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے میشا شفیع کو 50 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔اپیل میں مقف اختیار کیا گیا کہ ٹرائل کورٹ نے حقائق کا درست انداز میں جائزہ نہیں لیا، میشا شفیع کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اگر وہ اپنے الزامات مکمل طور پر ثابت نہیں کرسکیں تو علی ظفر بھی خود پر لگائے گئے الزامات کی مکمل نفی ثابت نہیں کر سکے۔درخواست گزار کے مطابق انہوں نے جنسی ہراسانی کے الزامات سے متعلق صوبائی محتسب سے بھی رجوع کیا تھا۔




