عیدالاضحی پر مثالی انتظامات… حکومت کا عوام کیلئے بڑا ریلیف (اداریہ)

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب میں تاریخ کا سب سے بڑا آپریشن کلین اپ کیا گیا اور صفائی ستھرائی کے مثالی انتظامات کئے گئے، آلائشیں اٹھانے کے بعد گلیوں’ محلوں اور سڑکوں کو جس احسن طریقہ سے دھویا گیا وہ قابل تحسین ہے، عید کے حوالے سے ماضی میں صفائی کے حوالے سے غیر ذمہ دارانہ طرز عمل کا مظاہرہ ایک عام مسئلہ رہا ہے جس سے گلی محلوں میں تعفن زدہ ماحول لوگوں کا ناک میں دم کر دیتا تھا، فیصل آباد سمیت پنجاب بھر میں اب صورتحال ایسی نہیں رہی جس کی بڑی وجہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا اس معاملے پر گہری نظر رکھنا ہے، صوبہ بھر میں عوام کو بھرپور ریلیف کی فراہمی ان کا مشن ہے اور ستھرا پنجاب کے سلسلہ میں بھی ان کی کاوشوں کو ہر خاص وعام نے سراہا ہے، فیصل آباد سمیت پنجاب بھر میں صفائی ستھرائی پر مکمل توجہ دی جا رہی ہے اور عیدالاضحی پر فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع میں 39ہزار 360 ٹن آلائشیں اٹھا کر ڈمپ کر دی گئیں، 14ہزار 648 عوامی شکایات نمٹائی گئیں، ضلع فیصل آباد میں 23ہزار 126 ٹن آلائشیں اٹھا کر ڈمپ کر دی گئیں اور 14ہزار 648 عوامی شکایات نمٹائی گئیں، ضلع جھنگ’ ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ میں بھی ہزاروں ٹن آلائشوں کو جس بہتر انداز میں اٹھا کر تلف کیا گیا اور عوامی شکایات حل کی گئیں وہ قابل تعریف ہے، کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں نے چاروں اضلاع کی انتظامیہ اور ستھرا پنجاب ٹیموں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈویژن بھر میں صفائی کا اعلیٰ معیار ہمہ وقت یقینی بنانا ہے، لاہور’ ملتان’ ڈی جی خان’ گوجرانوالہ’ راولپنڈی’ بہاولپور’ ساہیوال سمیت دیگر اضلاع میں بھی صفائی ستھرائی کے جو انتظامات کئے گئے وہ تسلی بخش رہے، شدید گرمی کے باوجود افسران اور ستھرا پنجاب ورکرز سڑکوں’ بازاروں اور گلیوں میں مصروف عمل ہے، پہلی بار صفائی آپریشن میں ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال بھی کیا گیا اس طرح عیدالاضحی کے لیے اپنائی گئی حکومتی پالیسی کے مثبت نتائج سامنے آئے جو کہ نہایت اطمینان بخش بات ہے، دوسری جانب حکومت نے عید کے تیسرے دن پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا، پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 22، 22 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، اس طرح پٹرول کی نئی قیمت 381 روپے 78 پیسے جبکہ ڈیزل کی نئی قیمت 380 روپے 78 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے، مٹی کا تیل 41 روپے 44 پیسے سستا اور نئی قیمت 272 روپے فی لیٹر ہو گئی۔ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عوامی ریلیف اولین ترجیح ہے، قوم سے وعدہ کیا تھا جیسے ہی گنجائش پیدا ہو گی، عوام کو ریلیف دیا جائے گا اور اس وعدے پر عمل کیا گیا ہے، بلاشبہ! وفاقی حکومت نے سخت ترین حالات میں بھی عوام کیلئے ریلیف کا سلسلہ جاری رکھا، پبلک، گڈز ٹرانسپورٹ’ موٹرسائیکل اور رکشہ استعمال کرنے والوں کیلئے فیول پر سبسڈی دی، خطے کے دیگر ممالک میں جب پٹرول حاصل کرنے کیلئے قطاریں لگی ہوئی تھیں’ پاکستان میں وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کے بروقت اقدامات کی بدولت عوام کو پٹرول اور ڈیزل دستیاب تھا اور جب دنیا میں تیل کا بحران تھا اس دوران عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود وزیراعظم کی جانب سے 130 روپے سے زائد کی سبسڈی دی گئی اور اب پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 22، 22 روپے فی لیٹر کمی کر کے عوام کو ریلیف دینا قابل تحسین ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں