پراپرٹی ٹیکس چوری روکنے کیلئے12سال بعد ڈیجٹیل سروے کرانے کا فیصلہ

اسلام آباد (بیوروچیف) پراپرٹی ٹیکس چوری کی روک تھام اور زیادہ سے زیادہ جائیدادوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے پنجاب حکومت نے12سال بعد ڈیجیٹل سرو ے کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔حکام کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹیکس ریکارڈ کو مزید موثر اور شفاف بنایا جائے گا۔ایکسائز حکام کے مطابق سروے اربن یونٹ کی جانب سے پلرا (PLRA) کے ڈیٹا کو مدنظر رکھتے ہوئے جی آئی ایس (GIS) بیسڈ سروے کے ذریعے کیا جائے گا تاکہ ٹیکس ایبل اور نان ٹیکس ایبل یونٹس کی درست نشاندہی کی جا سکے۔حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت لاہور میں 9 لاکھ سے زائد یونٹس جبکہ پنجاب بھر میں 25 لاکھ سے زائد یونٹس پراپرٹی ٹیکس ادا کر رہے ہیں۔ صوبے میں مجموعی طور پر 45 لاکھ سے زائد ٹیکس ایبل اور نان ٹیکس ایبل یونٹس کا ریکارڈ موجود ہے،منصوبے کے تحت رواں ماہ لاہور کے زون 13 سے پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر ڈیجیٹل سروے کا آغاز کیا جائے گا، جبکہ فنڈز کی فراہمی کے بعد اس سروے کو پورے پنجاب تک توسیع دی جائے گی۔ حکام کے مطابق رواں مالی سال کے لیے مقرر کردہ 42 ارب روپے کے پراپرٹی ٹیکس ہدف کے حصول میں یہ سروے اہم کردار ادا کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں