راہول گاندھی کی مودی حکومت پر تنقید

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت میں اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی بھارتی تاریخ کے سب سے زیادہ نوجوان مخالف وزیر اعظم ہیں۔نئی دہلی میں طلبا سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ مختلف امتحانات کے پیپر لیک ہونے کے واقعات کے باعث کروڑوں طلبا کا مستقبل دا پر لگ گیا ہے، لیکن حکومت اس سنگین مسئلے سے نمٹنے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی ہے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت اپنے وزیر تعلیم سے استعفی لینے کی بھی ہمت نہیں رکھتی، حالانکہ مسلسل امتحانی بے ضابطگیوں نے تعلیمی نظام پر عوام کا اعتماد مجروح کر دیا ہے۔راہول گاندھی نے کہا کہ طلبا پر لاٹھی چارج کرنے والے ذمہ دار افراد آج بھی آزاد گھوم رہے ہیں، جبکہ اپنے حقوق اور شفاف امتحانی نظام کے لیے آواز بلند کرنے والے طلبا کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔کانگریس رہنما نے مزید کہا کہ نریندر مودی نوجوانوں کو بہتر مستقبل فراہم کرنے کے بجائے ان کے خوابوں اور مواقع کا استحصال کر رہے ہیں۔ ان کے بقول، ملک کا نوجوان طبقہ روزگار، تعلیم اور شفاف امتحانی نظام کا مطالبہ کر رہا ہے، لیکن حکومت ان مسائل کے حل کے بجائے احتجاج کرنے والے طلبا کے خلاف سخت کارروائیاں کر رہی ہے۔راہول گاندھی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ امتحانات میں بے ضابطگیوں کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں، ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور طلبا کے مستقبل کے تحفظ کیلئے موثر اقدامات کیے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں